نومبر میں احتجاج سے متعلق کوئی تجویز زیرغور نہیں :اسدقیصر
عمران خان کی بنی گالہ منتقلی پر مشاورت کریں گے،ان کی رہائی کے 200 فیصد امکانات ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ نومبر میں احتجاج سے متعلق کوئی تجویز زیرغور نہیں،عمران خان کی بنی گالہ منتقلی پر مشاورت کریں گے۔
سابق سپیکرقومی اسمبلی اسدقیصرنے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے 200 فیصد امکانات ہیں، بانی کے کیسز میرٹ پر چلیں تو ایک دن بھی جیل میں نہیں رہیں گے، کافی کیسز میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانتیں ہو چکی ہیں، لیگل گراؤنڈز پر ایسا کچھ نہیں کہ بانی پی ٹی آئی مزید جیل میں رہیں۔
انہوں نے کہا کہ طارق فضل چوہدری نےکل بیان دیا، پتا نہیں اس میں کتنی سنجیدگی ہے، بانی پی ٹی آئی کی بنی گالہ منتقلی پر پارٹی میں مشاورت کریں گے، بانی پی ٹی آئی کی منتقلی کے حوالے سے بھی ان سے بھی پوچھا جائے گا، کہیں منتقلی کیلئے درخواست دینے کی ضرورت نہیں یہ حکومت کی صوابدید ہے۔
اسدقیصرنے کہاکہ ہمارے اس وقت اسٹیبلشمنٹ سے رابطے نہیں،خیبر پختونخوا میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی پر تمام پارٹیوں سے بات کی، ہمارے کے پی میں ایم پی اے ڈٹ کر کھڑے رہے، پوری پی ٹی آئی وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ساتھ کھڑی ہے، وزیراعلیٰ کے پی بہتر طریقے سے عوام کو متحرک کر سکتےہیں، نظر آئے گا کہ پارٹی نئے طریقے سے متحرک ہوئی ہے، اُمید ہے سہیل آفریدی بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔
اسد قیصر نےمزید کہا کہ نومبر میں احتجاج سے متعلق کوئی تجویز زیرغور نہیں، بانی نےتحریک کی ذمہ داری محمود اچکزئی کودی ہے، ہم نے جلسوں کے ذریعے عوام کو متحرک کرنا ہے، بانی پی ٹی آئی کیلئے آواز اُٹھائیں گے،بھرپور مزاحمت کریں گے، پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جو نچلی سطح پر موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں:گاڑی کی نمبر پلیٹ نے شہری کی قسمت بدل دی
انہوں نے کہا کہ اب بھی ہمارے نشان کا مسئلہ کیا جا رہا ہے، یہ بلدیاتی انتخابات سے بھاگیں گے،یہ کسی الیکشن کے موڈ میں نہیں، کیا نوازشریف ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ بھول گئے؟ آئیں ووٹ کو عزت دو کے نعرے پر بیٹھیں،اس پر بات کر سکتے ہیں.