آزاد کشمیراسمبلی: طارق فاروق سپیکر، احمد رضا قادری ڈپٹی سپیکر منتخب، حلف اٹھا لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(سفیر رضا)مسلم لیگ ن کے طارق فاروق آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے سپیکر اوراحمد رضا قادری نے بطور ڈپٹی سپیکر حلف اٹھا لیا۔
آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں سپیکر کے لیے پولنگ کے عمل میں مسلم لیگ ن کے طارق فاروق 32 ووٹ لےکر سپیکر منتخب ہوئے ہیں جبکہ مدمقابل پیپلز پارٹی کے امیدوار قاسم مجید نے 13 ووٹ حاصل کیے ، ایک ووٹ مسترد ہوا۔
اِسی طرح ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں مسلم لیگ ن کے احمد رضا قادری 32 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ عامر غفار لون کو 13ووٹ ملے اور ایک ووٹ مسترد ہوا، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں نومنتخب 46 ارکان نے حلف اٹھا لیا۔
دوسری جانب نومنتخب سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چودھری طارق فاروق نے احمد رضا قادری سے حلف لیا،حلف برداری کی تقریب اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی، جس میں قانون ساز اسمبلی کے ارکان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
احمد رضا قادری نے حلف اٹھانے کے بعد ڈپٹی سپیکر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
حلف برداری کے بعد سپیکر چودھری طارق فاروق اور دیگر ارکان نے نئے ڈپٹی سپیکر کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
احمد رضا قادری نے اس موقع پر اپنے عہدے کی ذمہ داریاں آئین، قانون اور اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق ادا کرنے کے عزم کو دہرایا۔
نواز شریف نے چودھری طارق فاروق کو سپیکر اور احمد رضا قادری کو ڈپٹی سپیکر کیلئے امیدوار نامزد کرنے کی منظوری دی تھی۔
واضح رہے گزشتہ روز آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے لیے 8 مخصوص نشستوں پر ہونے والے انتخاب میں مسلم لیگ ن نے 6 اور پیپلز پارٹی نے دو پر کامیابی حاصل کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:بانی پی ٹی آئی کو شفا کے بجائے پمز ہسپتال کیوں لایاگیا؟ رانا ثنااللہ نے وجہ بتادی