لاہور ایئرپورٹ کے اطراف تیز ہوا اور آندھی،نجی ائیرلائن کی پرواز کو لینڈنگ میں دشواری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(سید احمد سید ) لاہور ایئرپورٹ کے گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور آندھی کے باعث موسم شدید خراب ہو گیا جس کے نتیجے میں کراچی سے لاہور آنے والی نجی ائیرلائن کی پرواز 842 کو لینڈنگ میں سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پرواز نے مقررہ وقت پر لاہور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی کوشش کی تاہم موسم کی خرابی اور حد نگاہ کم ہونے کے باعث پائلٹ نے طیارہ نیچے اتارنے سے گریز کیا ، ایئر ٹریفک کنٹرول (ATC) حکام نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد حفاظتی اقدامات کے طور پر پرواز کا رخ دوبارہ کراچی ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا۔
سابق وفاقی وزیر و رہنما پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) اسدعمر بھی طیارے میں موجود تھے، تیز آندھی نے پرواز کو شدید متاثر کیا، پرواز کئی منٹ تک آندھی کی زد میں رہی، طیارے کو جھٹکے بھی لگے،مسافروں کی ڈر کے مارے چیخیں نکل گئیں۔
موسم کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر دیگر پروازوں کی شیڈولنگ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل ایئرلائن سے رابطے میں رہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں میں لاہور اور گرد و نواح میں مزید آندھی اور تیز بارش کا امکان ہے، جس کے باعث فلائٹ آپریشن میں تاخیر یا تبدیلی متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انسداد دہشت گردی عدالت نےANF کے3جوانوں کو شہید کرنے کےمقدمے کا فیصلہ سنا دیا