انسداد دہشت گردی عدالت نےANF کے3جوانوں کو شہید کرنے کےمقدمے کا فیصلہ سنا دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(راجہ وقار) راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جہلم میں اے این ایف کے3جوانوں کو شہید کرنے کےمشہور مقدمے کا فیصلہ سنا دیا ہے، ایک ملزم کو تین بار عمر قید، ایک ملزم بری کر دیا گیا۔ دو ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے تھے اور دو ملزم تاحال اشتہاری ہیں۔
جہلم کے تھانہ دینہ کی حدود میں گیارہ ماہ پہلے ناکہ بندی کے دوران اے این ایف کے تین جوانوں کو کار سوار چھ ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے شہید کیا اور موقع سے فرار ہوگئے تھے،پولیس نے مقدمہ درج کرکے چار ملزمان سید عابد علی،قاسم علی شاہ۔سید بلال حیدر اور شہزاد اقبال کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کی ، اس دوران پولیس دو ملزمان سید قاسم علی شاہ اور سید بلال حیدر شاہ کو اسلحہ کی برآمدگی کےلئے لے کر گئی، تو ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا، فائرنگ سے دونوں گرفتار ملزمان فرار ہوگئے اور ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے تھے ۔دو ملزمان سید عابد علی اور شہزاد اقبال ڈسٹرکٹ جیل جہلم میں بند تھے، جن کا کیس راولپنڈی دہشت گردی عدالت میں زیرسماعت تھا ،جس کا عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے ملزم سید عابد علی کو تین بار عمر قید جبکہ دوسرے ملزم شہزاد اقبال کو بری کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ اے این ایف کے تین جوانوں کو شہید کرنے والے دو ملزمان سید عامر عباس اور جوہر عباس اشتہاری ہیں ،جن کی گرفتاری کےلئے پولیس مسلسل کوششیں کر رہی ہے ،ملزمان کا تعلق ضلع گجرات سے تھا۔اے این ایف کے شہید جوانوں کی نماز جنازہ جہلم میں ادا کی گئی تھی جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت اعلی حکام نے شرکت کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:گجرات کے چار نوجوان ٹریفک حادثے میں جان کی بازی ہار گئے