پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں الماس بشیر ریسرچ اینڈ ایڈیٹوریل آفس کاافتتاح
لاہورجنرل ہسپتال اورپنز یک جان دو قالب ہیں،پروفیسر آصف بشیر،پروفیسر فاروق افضل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیوروسائنسز (PINS)میں ''الماس بشیر ریسرچ اینڈ ایڈیٹوریل آفس'' کا افتتاح کر دیا گیا۔
''الماس بشیر ریسرچ اینڈ ایڈیٹوریل آفس'' کی افتتاحی تقریب کی مہمان خصوصی ڈاکٹر الماس بشیر تھیں،اس موقع پرایگزیکٹو ڈائریکٹر پنز پروفیسر آصف بشیر،پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل سمیت سینئر پروفیسرز اور ہیلتھ پروفیشنلز کثیر تعداد میں موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر آصف بشیرنے کہا کہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز بین الاقوامی اداروں کے اشتراک سے اپنے مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے، الماس بشیر ریسرچ اینڈ ایڈیٹوریل آفس کا قیام ادارے کی تحقیقی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کے لیے ایک اہم قدم اور سنگ میل ثابت ہوگا۔
پرنسپل لاہورجنرل ہسپتال پروفیسر فاروق افضل نے کہا کہ دنیا بھر میں میڈیکل کے شعبے میں ترقی کرنے والے ممالک کی بنیادی خصوصیت یہی ہے کہ انہوں نے میڈیکل ریسرچ پرزیادہ سے زیادہ توجہ دی ہے۔ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں لہذا ہمیں بھی چاہیے کہ دوسروں کی طرف دیکھنے کی بجائے خود انحصاری کی منزل کی جانب آگے بڑھیں جس کے لئے پیشہ وارانہ اور ہیلتھ سیکٹر کے ہر شعبے میں تحقیقی کام کو آگے بڑھانا انتہائی ضروری ہے۔
پروفیسر آصف بشیر نے نیوروسائنسز کے شعبے میں تحقیق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نیوروسرجری کے میدان میں PINS مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور انشاء اللہ ہمارے سرجنز اور میڈیکل پروفیشنلز اپنے ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے، ینگ ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز کی سہولت کیلئے ''الماس بشیر ریسرچ اینڈ ایڈیٹوریل آفس'' میں تحقیقاتی سرگرمیوں کی سہولت ہمہ وقت موجود ہوگی ۔
پروفیسر فاروق افضل اور پروفیسر آصف بشیر کا مزیدکہنا تھا کہ ادارے عمارتوں سے نہیں باہمی تعاون اور ٹیم ورک سے مضبوط ہوتے ہیں،لاہور جنرل ہسپتال اورپنجاب نیورو انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ مریضوں کی بہتر نگہداشت اورکلینکل سروسز مؤثر انداز میں فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔پنز کاجنرل ہسپتال کے ساتھ رشتہ یک جان دو قالب جیسا ہے جو باہمی تعاون اور فروغ کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔
دونوں اداروں کے سربراہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی صحت پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے پنز اور ایل جی ایچ کے مریضوں کو مؤثر علاج کے لئے ایک پلیٹ فارم پر ہونا ہے،ہسپتالوں میں تمام مریضوں کو بلا تفریق بہترین خدمت ہم سب کا مشترکہ نصب العین ہے جس میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:صحت کارڈپلس میں مزید بیماریوں کا علاج شامل کردیاگیا: بیرسٹر سیف
تقریب میں پروفیسر قاسم بشیر، پروفیسر محسن ظہیر، پروفیسر حافظ عبدالماجد، پروفیسر شہزاد حسین شاہ، پروفیسر نغمانہ مظہر،پروفیسر سائرہ بلال،پروفیسر مدثر اسلم،ایم ایس ڈاکٹر عمر اسحاق،نرسنگ سپرنٹنڈنٹ آسیہ خانم، اے ایم ایس ڈاکٹر عدنان خالد، ڈاکٹر اسد شاہ سمیت نوجوان ڈاکٹرز اور نرسز کثیر تعداد میں موجود تھیں۔