پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری دیگرممالک کےمقابلے میں نمایاں طورپرکم ہے؛معاشی تھنک ٹینک

Mar 24, 2026 | 15:51:PM
 پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری دیگرممالک کےمقابلے میں نمایاں طورپرکم ہے؛معاشی تھنک ٹینک
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(وقاص عظیم) معاشی تھنک ٹینک ایکنامک پالیسی اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ نے غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی پر الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے۔ 

ایکنامک پالیسی اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ کی جانب سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے میں خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں بہت پیچھے ہے ،مالی سال 2025 کے دوران غیر ملکی براہِ راست سرمایہ کاری تقریباً 4.3 ارب ڈالر رہی  انڈیا میں 50 ارب ڈالر اور ویتنام میں 38 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔

پاکستان میں توانائی سیکٹر میں سب سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری آ رہی ہے مالی سال 2025 میں پاور سیکٹر نے تقریباً 1.7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کی،یہ سرمایہ کاری حکومتی ضمانتوں اور مقررہ منافع کی پالیسیوں کے باعث ممکن ہوئی تاہم اس سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا کیونکہ اس نوعیت کی سرمایہ کاری سے ٹیکنالوجی کی منتقلی ممکن نہیں ہو پاتی ہے۔

 ای پی بی ڈی کا کہنا ہےکہ تشویش ناک امر یہ ہے کہ مینوفیکچرنگ اور ویلیو ایڈڈ صنعتوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری نہیں آ رہی، ان شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری نہ آنے سے برآمدات میں اضافہ نہیں ہو رہا ،غیر ملکی سرمایہ کاری نہ ہونے سے وسیع پیمانے پر معاشی ترقی کے اہداف حاصل نہیں ہو سکے۔

تھنک ٹینک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پائیدار ترقی کے لیے ضروری ہے کہ پہلے مقامی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے، مقامی سرمایہ کاری کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری کو بھی راغب کیا جا سکے گا،اس سے صنعتوں میں روزگار بڑھے گا اور برآمدات میں اضافہ ہوگا،غیر ملکی سرمایہ کاری ہمیشہ مضبوط معاشی بنیادوں کی پیروی کرتی ہے،ان میں پالیسیوں کا تسلسل، سیکیورٹی، معاہدوں کا احترام اور سرمایہ کاروں کے لیے قابلِ اعتماد ماحول شامل ہیں،یہ وہ عوامل ہیں عناصر جن کی پاکستان میں اب بھی کمی محسوس کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :  آئل انڈسٹری کیلئے ڈیجیٹل ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم متعارف