موسمیاتی تبدیلی پاکستان جیسے ممالک کیلئے قومی سلامتی کا مسئلہ ہے، نگران وزیراعظم

Nov 22, 2023 | 17:47:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان جیسے ممالک کیلئے قومی سلامتی کا مسئلہ ہے، پاکستان کا عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی بڑھانے میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہونے کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔

بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت 28 ویں اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز کوپ۔28 کے حوالے سے بین الوزارتی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں نگران وفاقی وزراء برائے خزانہ، خارجہ، توانائی، موسمیاتی تبدیلی، منصوبہ بندی اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی پاکستان جیسے ممالک کیلئے قومی سلامتی کا مسئلہ ہے، پاکستان کا عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی بڑھانے میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہونے کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پرانے سیاستدا ن سیاست چھوڑ کر گھر یا مدرسے میں بیٹھ جائیں، بلاول بھٹو زرداری

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پاکستان کی ایک تہائی آبادی سیلاب سے متاثر ہوئی، پاکستان اپنی ماحولیاتی سفارتکاری سے عالمی ماحولیاتی بحث میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کوپ 28 میں کلائمیٹ فنانس اور دیگر متعلقہ معاملات پر پاکستان کا مؤقف اچھے انداز سے پیش کرنے کیلئے ادارے بھر پور تیاری کریں۔

نگران وزیراعظم دبئی، متحدہ عرب امارات میں ہونے والی 28 ویں کانفرنس آف پارٹیز کے یکم اور 2 دسمبر کو اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔