پرانے سیاستدا ن سیاست چھوڑ کر گھر یا مدرسے میں بیٹھ جائیں:بلاول بھٹو زرداری

Nov 22, 2023 | 15:40:PM
 پرانے سیاستدا ن سیاست چھوڑ کر گھر یا مدرسے میں بیٹھ جائیں:بلاول بھٹو زرداری
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری  نے کہا کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی انتقامی سیاست کررہے ہیں، پرانے سیاستدانوں کی سیاست سے تکالیف کم نہیں ہوں گی، پرانے سیاستدان عوام کی تکالیف میں اضافہ کریں گے، پرانے سیاستدانوں کو چاہیے کہ سیاست چھوڑ دیں۔

تفصیلات کے مطابق چترال میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ  جس سمت میں ہمارا ملک چل رہا ہے اس سے مسائل میں کمی نہیں اضافہ ہو گا، پرانے سیاستدان جس طرح سے سیاست کر رہے ہیں عوام کی تکالیف مزید بڑھیں گی، ان کا ارادہ ہے کہ یہ حکومت بنا کر اپنی ذاتی دشمنیاں پوری کریں، یہ حکومت میں آ کر انتقامی سیاست کرنا چاہتے ہیں، عوام کا مطالبہ ہے کہ پرانے سیاستدانوں سے جان چھڑائیں،ہمیں بزرگوں کا احترام کرنا سکھایا گیا ہے، پرانے سیاستدا ن سیاست چھوڑیں، گھر یا مدرسے میں بیٹھ جائیں اور دعا کریں، پرانے سیاستداں کتنا کام کر سکیں گے؟ یہ آنے والے کل کی نہیں سوچتے، اعتراض پرانے سیاستدانوں پر نہیں بلکہ 70 سال پرانی سیاست کرنے پر ہے، پرانے سیاستدانوں کی 70 سال پرانی سیاست کرنے سے ملک کو نقصان ہوا ہے، پاکستان کی 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چترال میرا دوسرا گھر نہیں میرا گھر ہے، مہنگائی پورے ملک میں ہے، تمام مسائل کا حل پیپلز پارٹی کے منشور میں ہے، پیپلز پارٹی کے ہر دور میں لوگوں کو روزگار ملا، بے نظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو مکمل کرنا چاہتا ہوں، بےنظیر نہتی لڑکی ہوتے ہوئے 2 آمروں سے ٹکرائیں، عوام ان کے ساتھ تھے، جب ملک کی صورتحال دیکھتا ہوں بہت افسوس ہوتا ہے، عوام کی تکالیف کو دور کرنا چاہتا ہوں۔

سابق وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو جب پہلی بار وزیرِ اعلیٰ بنایا گیا تو ان کی عمر کیا تھی؟ جب بےنظیر بھٹو پہلی وزیرِ اعظم بنیں تو ان کی عمر کیا تھی؟ عمران خان کی حکومت بنی تو ٹک ٹاک کی حکومت تھی، جب نواز شریف کی حکومت بنتی ہے تو اشرافیہ کی حکومت ہوتی ہے۔