سندھ میں 5 لاکھ سولر سسٹم دینے کی اسکیم کب شروع ہوگی؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)سندھ میں پانچ لاکھ سولر سسٹم دینے کی اسکیم کے حوالے سے صوبائی وزیر توانائی نے اہم اعلان کردیا۔
وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے عبداللہ رند گوٹھ منگھوپیر ٹاؤن میں بجلی فراہمی کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی،اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی، منگھوپیر ٹاؤن کے چیئرمین نواز علی بروہی سمیت پیپلزپارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
شرکا نے اس موقع پر کہا کہ عبداللہ رند گوٹھ منگھوپیر ٹاؤن قیام پاکستان سے قبل کی آبادی ہے لیکن بجلی سے محروم رہی ہے ۔ یہاں 450 سے زائد گھر ہیں جنہیں پہلی مرتبہ کے الیکٹرک کے ذریعے بجلی فراہم کی جارہی ہے جس کا افتتاح صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے کیا۔
صوبائی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوشش ہے جو سہولیات ہیں وہ ہر جگہ پہنچائی جائیں،بلاول بھٹو زرداری کا وژن ہے کہ ہر ایک کو بجلی دی جائے ۔ یہاں سے قریب سولر پارک بن رہا ہے،2لاکھ سولر سسٹم کی تقسیم شروع ہوچکی ہےاور5لاکھ سولر سسٹم دینے کی اسکیم رواں سال شروع ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ جہاں بجلی نہیں پہنچی وہاں سولر فراہم کیے جائیں گے،سولر پارک کے لیے کوشش کریں گے کہ مقامی لوگوں کو یہاں روزگار دیں،یہاں کے نوجوانوں کو ٹیکنیکل تربیت دی جائے گی تاکہ روزگار کے مواقع ملیں۔ سستی بجلی سے کراچی کے شہریوں کو فائدہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:جسٹس سرفراز کو بطور چیف جسٹس کام سے روکا جائے،اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز سپریم کورٹ پہنچ گئے
سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ جو گاؤں ریگولرائز ہونے ہیں، ان پر کام ہو رہا ہے، چیئرمین بلاول بھٹوزرداری چاہتے ہیں کہ گھروں کے مالکانہ حقوق گھر کی خواتین کے پاس ہوں،صنعتیں بھی بہت ضروری ہیں لیکن لوگوں کو بجلی فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ، یہ بھلائی اور روشنی کا سفر ہے،ہر گاؤں تک بجلی پہنچائیں گے۔