کوہاٹ حملہ افغانستان میں جڑیں رکھنے والے بدترین خوارج نے کیا، وزارت اطلاعات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور )حکومت کی جانب سے کوہاٹ میں نماز جمعہ کے دوران شہریوں اور پولیس اہلکاروں پر وحشیانہ دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ کوہاٹ میں نماز جمعہ کے دوران شہریوں اور پولیس اہلکاروں پر وحشیانہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، کوہاٹ حملہ افغانستان میں جڑیں رکھنے والے بدترین خوارج نے کیا، دہشت گردی کا کوئی مذہب یا جواز نہیں۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد گروہوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال پر پاکستان کو شدید تشویش ہے، افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں اور بھرتیاں پاکستان کی سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ ہیں، افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے پاکستان کو سنگین نتائج کی دھمکی قابل مذمت ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق افغان طالبان ذمہ داری سے بھاگنے اور پاکستان پر الزام تراشی کے بجائے اپنی سرپرستی میں پلنے والے دہشت گرد نیٹ ورکس کا خاتمہ کریں، افغان عبوری حکومت دوحہ معاہدے کے تحت اپنی انسدادِ دہشت گردی کی ذمہ داریاں پوری کرے، افغان وزارت خارجہ کی جانب سے کوہاٹ حملے کی مذمت کافی نہیں، زبانی ہمدردی کو ٹھوس اور قابلِ تصدیق کارروائیوں میں بدلنا ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ ہم مذاکرات کے نام پر اپنے عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والوں کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے، پاکستان اپنے شہریوں، حدود اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی قوانین کے تحت ہر ضروری قدم اٹھائے گا، پاکستان دہشت گردی کے خطرات کو ہر جگہ سے ختم کرنے کا مکمل عزم اور صلاحیت رکھتا ہے، عالمی برادری افغان طالبان پر دباؤ ڈالے کہ وہ اس خطرے کے پورے خطے میں پھیلنے سے پہلے فیصلہ کن کارروائی کریں۔
یہ بھی پڑھیں :این اے 77 ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کا راشد بشیر ورک کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ