21 ہزار طلبہ میں سے نیا ٹیلنٹ تلاش کریں گے: محسن نقوی

Sep 19, 2026 | 13:59:PM
21 ہزار طلبہ میں سے نیا ٹیلنٹ تلاش کریں گے: محسن نقوی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( 24 نیوز )چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی سی بی کے اسکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں ملک بھر کے 1400 اسکولوں کے 21 ہزار طلبہ حصہ لے رہے ہیں، جبکہ ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی 50 ٹیموں کو پاکستان کرکٹ بورڈ اپنائے گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پی سی بی نے اسکول کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے اس پروگرام کا آغاز کیا ہے، جس میں گوادر سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک ملک بھر کے اسکولوں کو شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں 21 ہزار طلبہ شریک ہیں اور اس کے دوران مجموعی طور پر 2900 میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل دسمبر میں ہوگا۔

 یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں نئی گاڑی نے دھوم مچا دی

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ 1400 اسکولوں میں سے ٹاپ 50 ٹیموں کو پاکستان کرکٹ بورڈ اپنائے گا اور ان کے کھلاڑیوں کی تربیت، غذائیت اور دیگر ضروریات کا خیال رکھا جائے گا۔ جن اسکولوں میں گراؤنڈ یا کرکٹ کی دیگر سہولیات دستیاب نہیں ہوں گی، پی سی بی وہاں بھی ضروری سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کرے گا تاکہ نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنا سکیں۔

 محسن نقوی نے کہا کہ اسکول کرکٹ کو مستقل بنیادوں پر فروغ دینے کے لیے پی سی بی میں ڈائریکٹر اسکول کرکٹ کی تعیناتی بھی کی جائے گی، جبکہ اس کے لیے مکمل ٹیم تشکیل دی جائے گی جو سال بھر اسکولوں کے ساتھ رابطے میں رہے گی اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ صرف ٹیموں کی کارکردگی کی بنیاد پر ٹیلنٹ کا انتخاب کافی نہیں، کیونکہ ممکن ہے کوئی کھلاڑی بہترین صلاحیتوں کا حامل ہو لیکن اس کی ٹیم اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے۔ ایسے کھلاڑیوں کی شناخت کے لیے کرکٹرز کی ایک ٹیم تشکیل دی جارہی ہے جو انفرادی طور پر کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے گی اور باصلاحیت بچوں کو سامنے لائے گی۔

 مزید پڑھیں:ارجنٹینا کے سپر اسٹار فٹبالرمیسی کو مداحوں کاانوکھا خراج تحسین

چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ تقریباً 25 نوجوان کھلاڑیوں پر پہلے ہی اکیڈمی کی سطح پر کام کیا جارہا ہے، جن کے حوالے سے آئندہ چند روز میں اہم اعلان کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے میڈیا سے اپیل کی کہ اسکول کرکٹ کے فروغ میں پی سی بی کا ساتھ دیا جائے تاکہ ملک کے مختلف علاقوں سے سامنے آنے والے نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی شناخت میں مدد مل سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سال اسکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شریک اسکولوں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر جائے گی۔