فرانس کے قصبے میں مچھروں پر انوکھی پابندی، خلاف ورزی پر گرفتاری کا حکم

Sep 19, 2026 | 12:43:PM
فرانس کے قصبے میں مچھروں پر انوکھی پابندی، خلاف ورزی پر گرفتاری کا حکم
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)مچھر نہ قانون پڑھ سکتے ہیں اور نہ ہی کسی حکم نامے کو سمجھ سکتے ہیں، لیکن فرانس کے ایک قصبے میں ان کی پرواز پر باقاعدہ پابندی عائد کردی گئی ہے۔

فرانس کے قصبے سینٹ جسٹ سینٹ ریمبرٹ کے میئر اولیور جولی نے یکم ستمبر کو ایک منفرد حکم نامے پر دستخط کیے، جس کے تحت قصبے کی حدود میں ٹائیگر مچھروں کی پرواز پر پابندی عائد کردی گئی۔

حکم نامے کے مطابق علاقے کے رہائشیوں کی جانب سے ٹائیگر مچھروں کی موجودگی کی متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں، جس کے بعد میئر نے ان مچھروں کی دن اور رات کے اوقات میں پرواز پر پابندی کا اعلان کیا۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ یہ مچھر عموماً زمین کے قریب پرواز کرتے ہیں اور ان کے کاٹنے سے لوگوں کو خارش اور دیگر پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

 مزاحیہ انداز میں جاری کیے گئے اس حکم میں یہ بھی درج ہے کہ جو مچھر پابندی کی خلاف ورزی کرے گا اسے سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مزید پڑھیں:فضا میں مسافروں کا جھگڑا، ویڈیو وائرل

میئر اولیور جولی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس پابندی پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوسکا اور نہ ہی کسی مچھر کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ظاہری طور پر یہ حکم نامہ مذاق معلوم ہوتا ہے، تاہم اس کے پیچھے ایک سنجیدہ مقصد موجود ہے۔

 ٹائیگر مچھر بعض سنگین بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتے ہیں، اسی لیے مقامی انتظامیہ نے مچھروں کی افزائش روکنے کے لیے مختلف اقدامات بھی شروع کیے ہیں۔

انتظامیہ نے مقامی رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ گھروں اور اردگرد کے علاقوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں، کیونکہ ٹھہرا ہوا پانی مچھروں کی افزائش کے لیے موزوں جگہ بن جاتا ہے۔

 اس کے علاوہ شہریوں کو گٹر اور پانی جمع ہونے والی دیگر جگہوں کو ڈھانپ کر رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ مچھروں کی افزائش کو روکا جاسکے۔