آج کا پکوان:( گریک موساک) ذائقے سے بھرپور یونان کی منفرد ڈش
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)یونان کی مشہور ڈش گریک موساک بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزا: بینگن ۲؍ عدد، آلو ۲؍ عدد، چکن کا قیمہ آدھا کلو، کچلا ہوا لہسن ایک بڑا چمچہ، پیاز ایک عدد، اجوائن ایک چھوٹا چمچہ، خشک پودینہ ایک چھوٹا چمچہ، دارچینی ایک ٹکڑا۔
میدہ ۳؍ بڑے چمچے، ٹماٹر ۵؍ سے ۶؍ عدد، سرکہ آدھی پیالی، کالی مرچ دردری پسی ہوئی ایک چھوٹا چمچہ، دودھ ۲؍ پیالی، انڈا ایک عدد۔
جائفل پسا ہوا آدھا چھوٹا چمچہ یا حسب ِ ذائقہ، پارمیسن چیز ۲؍ بڑے چمچے، مکھن ۲؍ بڑے چمچے، تیل حسب ِ ضرورت۔
بنانے کا طریقہ: بینگن کے آدھا انچ کے قتلے کاٹ لیں اور ان پر نمک چھڑک کر رکھ دیں۔ آلوؤں کے بھی آدھا انچ کے قتلے کاٹ کر اُبلتے ہوئے پانی میں ۳؍ سے ۴؍ منٹ کے لئے اُبالیں، پھر ان پر ٹھنڈا پانی بہا دیں۔
بھنا ہوا قیمہ بنانے کے لئے فرائنگ پین میں ۲؍ بڑے چمچے تیل، چوپ کی ہوئی پیاز، لہسن، قیمہ، اجوائن، دارچینی، پودینہ اور ٹماٹر کا پیسٹ (ٹماٹر کو چھیل کر بلینڈ کرلیں) ڈال کر پکنے رکھ دیں۔
درمیان میں لکڑی کا چمچہ چلاتے ہوئے قیمے کو بھونتے جائیں اور جب ٹماٹر کا پانی خشک ہونے پر آجائے تو ایک بڑا چمچہ میدہ اور کالی مرچ ڈال کر بھون کر چولہے سے اتار لیں۔
بینگن کے قتلوں کو ٹھنڈے پانی سے دھو لیں اور اچھی طرح خشک کرلیں، فرائنگ پین میں آدھی پیالی تیل کو گرم کریں اور ان قتلوں کو ہلکے سنہری فرائی کرکے نکال لیں۔
وہائٹ سوس بنانے کے لئے مکھن میں میدے کو بھونیں اور لکڑی کا چمچہ چلاتے ہوئے تھوڑ تھوڑا دودھ شامل کرلیں۔
ایک بڑا چمچہ چیز اور جائفل ڈال کر ملا لیں اور چولہے سے اتار لیں، انڈے کو پھینٹ کر اس میں نمک اور کالی مرچ ملائیں اور سوس میں تیزی سے شامل کرکے اسے پلاسٹک شیٹ سے کور کر لیں۔
شیشے کی اَوَن پروف ڈش میں پہلے تھوڑا سا بھنا ہوا قیمہ پھیلا کر ڈالیں پھر آلوؤں کی تہہ لگا کر اس پر قیمہ ڈالیں۔
بینگن کے قتلوں کی تہہ لگا کر اس پر قیمہ ڈالیں اور اوپر سے آلو اور بینگن کے قتلے پھیلا کر آخر میں وہائٹ سوس سے کور کر دیں۔
پارمیسن چیز چھڑک کر ۱۸۰؍ ڈگری پر گرم کئے ہوئے اَوَن میں ۲۰؍ سے ۲۵؍ منٹ کے لئے بیک کرلیں، اَوَن سے نکال کر اس منفرد ڈش کو گرم گرم نوش فرمائیں۔