امریکہ کی قدیم ڈکشنری میں 1400 نئے الفاظ شامل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)امریکہ کی قدیم اور معروف لغت میریم ویبسٹر نے انگریزی زبان میں استعمال ہونے والے تقریباً 1400 نئے الفاظ اور اصطلاحات کو اپنے تازہ ترین ایڈیشن کا حصہ بنا لیا ہے۔
لغت میں شامل کیے جانے والے نئے الفاظ میں کھانے پینے، سوشل میڈیا، تعلقات اور روزمرہ زندگی سے متعلق کئی دلچسپ اصطلاحات شامل ہیں، جو وقت کے ساتھ عام استعمال کا حصہ بنتی جا رہی ہیں۔
چینی کھانوں میں مقبول چلی کرسپ کو بھی اب باقاعدہ انگریزی لفظ کے طور پر شامل کرلیا گیا ہے۔
اسی طرح ایسے افراد جو کسی مشہور شخصیت یا آن لائن شخصیت کے ساتھ یکطرفہ جذباتی تعلق محسوس کرتے ہیں، ان کے لیے پیرا سوشل (Parasocial) کی اصطلاح استعمال کی جائے گی۔
مزید پڑھیں:بھارت :چیٹ جی پی ٹی سے نقل کرنیوالے طالب علم کی پکڑے جانے پر خودکشی
میریم ویبسٹر نے جسمانی حلیے سے متعلق ایک عام اصطلاح نیک بیئرڈ (Neck beard) بھی شامل کی ہے، جس سے مراد ایسی داڑھی ہے جو بنیادی طور پر گردن کے حصے پر ہو۔
اسی طرح سردیوں کے آغاز سے قبل شریکِ حیات یا رومانوی ساتھی کی تلاش کے رجحان کے لیے استعمال ہونے والی اصطلاح کفنگ سیزن (Cuffing season) بھی اب لغت کا حصہ بن گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق زبان وقت کے ساتھ بدلتی رہتی ہے اور نئے الفاظ عموماً معاشرتی رویوں، ٹیکنالوجی، ثقافت اور روزمرہ زندگی میں آنے والی تبدیلیوں کی عکاسی کرتے ہیں۔
میریم ویبسٹر کی جانب سے ان اصطلاحات کو شامل کیا جانا بھی انگریزی زبان میں بدلتے ہوئے لسانی رجحانات کی نشاندہی کرتا ہے۔