فلم ’’گھوسٹ اسکول‘‘ کی سندھ میں نمائش پر پابندی؛معاملہ ہائیکورٹ پہنچ گیا

Aug 21, 2026 | 12:52:PM
فلم ’’گھوسٹ اسکول‘‘ کی سندھ میں نمائش پر پابندی؛معاملہ ہائیکورٹ پہنچ گیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(شوکت کورائی )فلم ’’گھوسٹ اسکول‘‘ کی سندھ میں نمائش پر پابندی کامعاملہ سندھ ہائیکورٹ پہنچ گیا،عدالت نےسینسر بورڈ کو فریقین کا مؤقف دوبارہ سن کر دو ہفتوں میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔
وکیل درخواست گزار معیز بیگ ایڈووکیٹ نےعدالت میں مؤقف اختیارکیاکہ سینسر بورڈ قوانین کے مطابق فلم کی سندھ میں نمائش پر پابندی کی کوئی وجہ نہیں، فلم کو برطانیہ کے ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین ہدایت کاری کا ایوارڈ مل چکا ہے،فلم سازوں کوشوکاز نوٹس جاری نہیں کیا  نہ ہی مؤقف پیش کرنے کا موقع دیاگیا۔
عدالت نے فیصلے میں کہاکہ سندھ سینسر بورڈ نظر ثانی کی درخواست پر فریقین کو سن کو فیصلے کرے، سیکرٹری سندھ سینسر بورڈ عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل درخواست گزارنے عدالت کوبتایاکہ ہماری فلم کو ریلیز ہونے کے لیے وفاق نے اجازت دے رکھی ہے، ماجرا یہ ہے کہ کراچی میں کنٹونمنٹ علاقوں میں یہ فلم چل سکتی ہے،لیکن سندھ حکومت کے زیر انتظام علاقے میں نہیں چل سکتی۔
 عدالت نے سیکرٹری سندھ سینسر بورڈ سے مکالمہ کیاکہ  کیا فلم میں کوئی جن ہیں جو اجازت نہیں دی جارہی ،اس پرسیکرٹری سندھ سینسربورڈنے جواب دیاکہ میں یہاں کچھ نہیں بتا سکتا کیوں کہ فلم کو سینسر کرنے کافیصلہ بورڈ کا ہے،  جسٹس عدنان الکریم میمن نے کہاکہ آپ چیزیں چھپا نہیں سکتے ،عدالت کو سب بتانا پڑے گا،سب لوگ یہاں عدالت کی معاونت کے لیے آتے ہیں،آپ اسباب چھپائیں گے تو ہم درخواست منظور کرلیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی ترانے کیلئے 6 ماہ اردو سیکھی:برطانوی گلوکارہ
  سیکرٹری سندھ سینسر بورڈنے کہاکہ میں کوئی چیز چھپا نہیں رہا ہمیں جواب جمع کروانے کے لیے مہلت دی جائے۔

وکیل درخواست گزارنے کہاکہ سینٹرل سینسر بورڈ اور پنجاب سینسر بورڈ فلم کی نمائش کی اجازت دے چکے ہیں،سندھ بورڈ آف فلم سینسرز فلم کی نمائش کے لئے منظوری نہیں دے رہا،سندھ موشن ایکٹ 2011 کے تحت فلم کو سینسر سرٹیفکیٹ سے انکار مخصوص قانونی بنیاد پر ہی کیا جاسکتا ہے، سینسر بورڈ قوانین کے مطابق فلم کی سندھ میں نمائش پر پابندی کی کوئی وجہ نہیں، قوانین کے مطابق مذہب، قومی سلامتی، بین الاقوامی تعلقات یا اخلاقیات کے خلاف مواد کی موجودگی پابندی کی وجوہات ہیں،سندھ سینسر بورڈ کا فیصلہ قانون میں درج کسی بنیاد کے تحت نہیں آتا، فلم میں گھوسٹ اسکولز کے مسئلے کو اجاگر کیا گیا ہے۔