وزیراعظم پیٹرول سکیم میں بڑا ریلیف ،کم از کم 5 لیٹر پیٹرول کی شرط ختم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت ایندھن سبسڈی سے متعلق قومی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں وزیرِ اعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم پر ملک بھر میں پہلے 48 گھنٹوں کے دوران عمل درآمد و عوامی ردِعمل کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں موٹر سائیکل، رکشہ اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے لیے ایک دفعہ میں کم از کم 5 لیٹر پٹرول خریدنے کی شرط ختم کر دی گئی،اب مستحق افراد کو ہر ہفتے 500 روپے کا ٹوکن دیا جائے گا،500 روپے کا ٹوکن کسی بھی مقدار میں پٹرول خریدنے کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔
اس تبدیلی سے وہ شہری بھی فائدہ اٹھا سکیں گے جو کم مقدار میں پٹرول خریدتے ہیں،دو پہیوں اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے لیے عمر کی حد 15 سال سے بڑھا کر 20 سال کر دی گئی ہے،800 سی سی تک گاڑیوں کے لیے موجودہ نظام میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
800 سی سی تک گاڑیوں کے لیے ہر 10 دن بعد 10 لیٹر کا ایک ٹوکن ملے گا،800 سی سی تک گاڑیوں کے لیے اس حساب سے ماہانہ 3 ٹوکن دیے جائیں گے،اجلاس میں پٹرول پمپس کے لیے ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
500 روپے کے ٹوکن کی مکمل رقم صارف کو ملے گی،پٹرول پمپس صارف سے کوئی کٹوتی یا سروس چارج وصول نہیں کر سکتے،کمیٹی نے رجسٹریشن، ٹوکن کے استعمال اور پٹرول پمپس کو ادائیگیوں کی صورتحال کا جائزہ لیا،اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ہدایت کی گئی ہے کہ ادائیگیوں کی رپورٹ روزانہ دو مرتبہ فراہم کرے۔
اسٹیٹ بینک صبح 11:00 بجے اور شام 7:00 بجے ادائیگیوں کی رپورٹ روزانہ فراہم کرے گا،مسترد ہونے والی ہر ٹرانزیکشن کی وجہ کی نشاندہی کی جائے گی اور مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے گا،محدود انٹرنیٹ یا انٹرنیٹ کی عدم دستیابی والے علاقوں میں پٹرول پمپس کے لیے متبادل انتظامات کیے جائیں گے۔
ان علاقوں میں آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور دیگر دور دراز دیہی علاقے شامل ہیں،حکومت کا مقصد یہ ہے کہ کوئی بھی اہل مستحق شہری صرف جغرافیائی محلِ وقوع یا انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے اس سہولت سے محروم نہ ہو،اجلاس میں وفاقی وزراء برائے پیٹرولیم، اقتصادی امور، اطلاعات و نشریات، اور آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے شرکت کی۔
وزیرِ مملکت برائے خزانہ و محصولات، معاونِ خصوصی وزیرِ اعظم، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین اوگرا اور سیکریٹری پیٹرولیم بھی اجلاس میں شریک تھے،پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے ایڈیشنل چیف سیکریٹریز اجلاس میں شریک ہوئے،آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں:پٹرول 1 روپے 65 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل 88 پیسے فی لیٹر سستا