گرج چمک کے ساتھ مزیدبارشیں؛محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنادی

Jun 18, 2026 | 11:02:AM
گرج چمک کے ساتھ مزیدبارشیں؛محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنادی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(افشاں رضوان,اقصیٰ شیخ)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی نویدسنادی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج گرم اور مرطوب موسم کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے ،اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا ، جڑواں شہروں میں آج مزید بارش کا امکان ہے جبکہ آج رات خیبر پختونخوا، کشمیر،جنوبی پنجاب،بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کاامکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں آج موسم گرم رہے گا جبکہ مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ اور چارسدہ میں تیز بارش متوقع ہے جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ موجود ہے،اسی طرح سوات، چترال، کوہستان، مالاکنڈ اور باجوڑ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور کرم کے مختلف مقامات پر بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان کے حساس علاقوں میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے،ادارے نے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی فصلوں، بجلی کی تنصیبات اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، کسانوں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور موسمی صورتحال سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے تاہمصوبے کے شمال مشرقی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے ژوب، شیرانی، زیارت، کوہلو، نصیر آباد، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، ہرنائی، سبی، بارکھان، خضدار اور ڈیرہ بگٹی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ 
متعلقہ اداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور کسی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 اور قلات میں 32 ریکارڈکیاگیا، زیارت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 اور ژوب میں 33 ریکارڈکیاگیا،سبی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 اور تربت میں 43 ریکارڈکیاگیا، نوکنڈی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 اور چمن میں 36 ریکارڈکیاگیاہے۔
 محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 اور جیوانی میں 32 ریکارڈکیاگیاہے۔
کراچی میں مطلع جزوی ابر آلودرہنے کے ساتھ ساتھ سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق آج موسم نسبتاً گرم اور مرطوب رہنے کے ساتھ رات اور صبح کے اوقات میں بوندا باندی کا امکان ہے،آج شہرقائد کا کم سے کم درجہ حرارت 29.5ڈگری سینٹی گریڈ رہاجبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈہے۔

یہ بھی پڑھیں:اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے آج ملاقات کا دن
 محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ہے ، اس وقت جنوب مغرب سے 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواچل رہی ہے،آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

باغوں کے شہرلاہور کا مطلع زیادہ تر صاف اور سورج کی تیز کرنوں سے گرمی کی شدت برقرارہے،ہوا میں نمی کے باعث موسم گرم، خشک اور حبس زدہ محسوس ہورہاہے جبکہ پارہ 40 ڈگری تک پہنچ گیاہے ۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق دن کے اوقات میں بارش کے امکانات کم ہیں تاہم کل بارش کی 40 سے 80 فیصد تک پیشگوئی کی گئی ہے۔شہر کا موجودہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیاہے جبکہ محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچ گیاہے،آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 جبکہ کم سے کم 27 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

لاہور میں یو وی انڈیکس 9 سے 12 کے درمیان  انتہائی خطرناک سطح پر پہنچ گیا ہے،دوپہر 12 بجے سے 2 تک دھوپ کی شدت اپنے عروج پر رہے گی،محکمہ موسمیات کے مطابق دن کے اوقات میں بارش کے امکانات کم ہیں تاہم رات کے وقت شہر کے چند علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

حبس کے باعث شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کرتے ہوئے گرمی کے اوقات میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیاگیاہے۔