لاہور ٹریفک پولیس کا جنرل ہولڈاپ؛1743 موٹرسائیکل، رکشوں اور گاڑیوں کا مالک سامنے آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(رانا اسرار) لاہور ٹریفک پولیس کے جنرل ہولڈاپ کے دوران ایک حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے جہاں ای چالان نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران ایک موٹرسائیکل کی ملکیت چیک کی گئی تو اہلکار بھی حیران رہ گئے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق محمد جمشید نامی شہری کے نام پر 1743 موٹرسائیکلیں، رکشے اور دیگر گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ریکارڈ کے مطابق محمد جمشید کے نام رجسٹرڈ ان گاڑیوں کو مجموعی طور پر 2295 ای چالان جاری کیےجا چکے ہیں جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی مد میں 28 لاکھ 25 ہزار 700 روپے واجب الادا ہیں۔
جنرل ہولڈاپ کے دوران ایک موٹرسائیکل سوار کو روک کر ملکیت کی جانچ پڑتال کی گئی تو یہ غیر معمولی تفصیلات سامنے آئیں جس پر اہلکار بھی حیران رہ گئے۔
پولیس نے مذکورہ موٹرسائیکل کو تھانہ مسلم ٹاؤن میں بند کر دیا ہے جبکہ اصل مالک کی تلاش کے لیے سیف سٹی اتھارٹی کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے حکم پر ای چالان نادہندگان کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے۔
سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ قانون شکن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے اور ای چالان نادہندگان اب سخت کارروائی کے لیے تیار رہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا حکومت کا پورے سال کا بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ