دبئی: ہائی ٹیک سائبر بینک فراڈ پکڑا گیا،3 ملزم گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)دبئی کے پوش علاقوں دبئی مرینا اور پام جمیرا میں ہائی ٹیک سائبر بینک فراڈ پکڑا گیا،پولیس نے 3 ملزموں کو گرفتار کر کے تمام آلات ضبط کر لئے گئے۔
استغاثہ کے مطابق ملزموں نے جدید نوعیت کا فراڈ نیٹ ورک قائم کیا تھا جس کیلئے خصوصی آئی ٹی آلات اور سگنل جیمرز غیر قانونی طور پر متحدہ عرب امارات میں اسمگل کئے گئے، ان آلات کی مدد سے گروہ نے ایک شیڈو موبائل نیٹ ورک قائم کیا۔
حکام کے مطابق اصل موبائل فریکوئنسیز کو بلاک کر کے ان کی جگہ جعلی نیٹ ورک استعمال کیا گیا جس کے ذریعے شہریوں کو بینکوں اور دیگر اداروں کے نام سے جعلی ایس ایم ایس پیغامات بھیجے گئے،مستند بینک لوگوز اور قابلِ اعتماد زبان استعمال کر کے آن لائن بینکنگ صارفین کو دھوکا دیا گیا اور انہیں نقصان دہ لنکس پر کلک کرنے پر آمادہ کیا گیا جہاں ان کا ذاتی اور مالیاتی ڈیٹا حاصل کیا گیا،بعد ازاں اسی معلومات کو استعمال کرتے ہوئے متاثرین کے اکاؤنٹس سے رقوم منتقل کی گئیں۔
فراڈ کا انکشاف اس وقت ہوا جب دبئی مرینا کے رہائشیوں نے مشکوک پیغامات موصول ہونے پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی جس کے بعد ٹیلی کمیونی کیشن ریگولیٹری اتھارٹی کے ماہرین نے سگنلز کا سراغ لگا کر نیٹ ورک کا پتا چلایا۔
پولیس نے پام جمیرا میں ایک گاڑی کا سراغ لگایا جس میں جیمنگ ڈیوائسز، ریسیورز، کمپیوٹرز اور برقی آلات موجود تھے۔
عدالت نے تینوں ملزموں کو 6، 6 ماہ قید کی سزا سنائی جبکہ سزا مکمل کرنے کے بعد انہیں ملک بدر بھی کیا جائے گا۔