فلمساز و اداکار روب رائنر اور اہلیہ کے قتل کے الزام میں بیٹا گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) ہالی ووڈ کے معروف اداکار و فلمساز روب رائنر کے بیٹے کو والدین کے قتل کے شبہ میں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا۔
لاس اینجلس پولیس کے مطابق 32 سالہ نک رائنر کوحراست میں لے کرقتل کے الزام میں کاؤنٹی جیل منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں وہ تاحال ضمانت کے بغیر زیرِ حراست ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے مقدمے سے متعلق شواہد ڈسٹرکٹ اٹارنی کے سامنے پیش کیے جائیں گے، جس کے بعد باضابطہ فردِ جرم عائد کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا، روب رائنر اور ان کی اہلیہ مشیل رائنر کو لاس اینجلس کے پوش علاقے برینٹ ووڈ میں واقع ان کے گھر میں مردہ حالت میں پایا گیا تھا۔
تفتیش کے بعد پولیس اس نتیجے پر پہنچی کہ دونوں کو قتل کیا گیا اور اس واقعے میں ان کا بیٹا نک رائنر ملوث ہے، مقتول جوڑے کی بیٹی سب سے پہلے گھر پہنچی اور والدین کی لاشیں دیکھیں، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:ہالی وڈ کے معروف ہدایتکار اپنی اہلیہ سمیت گھر میں مردہ پائے گئے
واضح رہے کہ نک رائنر ماضی میں منشیات کے استعمال اور ذہنی دباؤ جیسے مسائل کا شکار رہے ہیں اور انہوں نے خود مختلف مواقع پر نشے کی لت اور بے گھری کے ادوار کے بارے میں کھل کر بات کی تھی۔