پلاک کی سال 2026 کی پہلی سہ ماہی کی کارکردگی، نیوز لیٹر جاری
آئندہ بھی پنجابی زبان، فنون اور ثقافت کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے،ڈی جی محبوب عالم چوہدری
Stay tuned with 24 News HD Android App
ّ(ویب ڈیسک) پنجاب ادارہ برائے زبان، فن وثقافت (پلاک) نے سال 2026 کی پہلی سہ ماہی کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔
نیوز لیٹر میں پہلی سہ ماہی کی نمایاں سرگرمیوں کوپیش کیا گیا ہے جس میں پنجابی زبان، فن، ثقافت اور ادب کے فروغ کے لیے کیے گئے مؤثراقدامات کو اجاگر کیا گیا ہے۔
نیوز لیٹر کے مطابق پلاک نے ڈائریکٹر جنرل محبوب عالم چوہدری کی سربراہی میں اس عرصے کے دوران پنجابی زبان کے فروغ کے لیے مختلف تعلیمی و تربیتی پروگرامز کا انعقاد کیا، جن میں پنجابی (گرمکھی) کلاسز، ادبی نشستیں اور آگاہی مہمات شامل ہیں،ان سرگرمیوں کا مقصد نئی نسل کو اپنی مادری زبان سے جوڑنا اور اس کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔
نیوزلیٹرکے مطابق فنونِ لطیفہ کے میدان میں بھی پلاک کی سرگرمیاں قابلِ ذکر رہیں جہاں خطاطی نمائشوں، آرٹ ایگزیبیشنز اور ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا، ان تقریبات میں ملک بھر سے فنکاروں نے شرکت کی اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
ادبی شعبے میں پبلیکیشن کمیٹی کے اجلاس، کتب کی اشاعت اور ادبی مکالموں کا اہتمام کیا گیا، جن کے ذریعے پنجابی ادب کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ادیبوں اور قلم کاروں کی حوصلہ افزائی کی گئی،اس کے ساتھ ساتھ پلاک میں تصوف، سماجی موضوعات اور ثقافتی ورثے پر مبنی علمی و فکری نشستوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔
نیوز لیٹر میں ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے منعقد کی جانے والی خصوصی تقریبات، دستکاریوں کی نمائشوں اور میوزک پروگرامز کی جھلکیاں بھی شامل ہیں جو پنجاب کی روایتی ثقافت کو زندہ رکھنے کی ایک اہم کاوش ہیں، نمایاں شخصیات کو دیے گئے اعزازات، پلاک لائبریری میں نادر کتب کے اضافے اور ڈیجیٹلائزیشن کے عمل سے متعلق معلومات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور نواز شریف مری پہنچ گئے
ڈائریکٹر جنرل پلاک محبوب عالم چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیاہے کہ ادارہ آئندہ بھی پنجابی زبان، فنون اور ثقافت کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا اور ثقافتی ورثے کے تحفظ میں اپنابھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔