پشاورہائی کورٹ کا اعظم سواتی کو نیب تفتیش میں شامل ہونے کا حکم

Jul 12, 2025 | 22:31:PM
 پشاورہائی کورٹ کا اعظم سواتی کو نیب تفتیش میں شامل ہونے کا حکم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) پشاورہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کو نیب تفتیش میں شامل ہونے اور  نیب کو  اعظم سواتی سے تفتیش جلد مکمل کرنے کیلئے تمام ممکن اقدامات کرانے کا حکم بھی دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کی پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے اور بیرونی ملک جانے کی اجازت کے لیے دائر درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔عدالت نے اعظم سواتی کو نیب تفتیش میں شامل ہونے اور ساتھ ہی نیب کو اعظم سواتی سے تفتیش جلد مکمل کرنے کے لیے تمام ممکن اقدامات کرانے کا حکم بھی دیا۔عدالتی حکم نامے کے مطابق نیب انویسٹی گیشن آفیسر آئند سماعت پر پیش ہوں اور تفتیش کے حوالے سے عدالت کو آگاہ کریں۔نیب نے اعظم سواتی کو کال آف نوٹس جاری کیا، درخواست گزار نے نیب تفتیش جوائن کی ہے، نیب جلد تفتیش مکمل کرنے کے لیے تمام ممکن اقدامات کرے۔ عدالت نے مزید لکھا کہ وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار دل کا مریض ہے اور یو اے ای علاج کے لیے جانا چاہتا ہے۔عدالت نے بتایا کہ درخواست گزار کو یو اے ای کا 60 دن کا ویزا جاری ہوا ہے۔ درخواست گزار اس سے پہلے بھی اس عدالت سے رجوع کر چکا ہے اور عدالت کے حکم پر ان کا نام ای سی ایل، پی سی ایل و دیگر لسٹ سے نکالا گیا تھا۔پشاور ہائی کورٹ نے حکم نامے میں مزید لکھا کہ درخواست گزار نے اس دوران کوئی جرم نہیں کیا۔،درخواست گزار کا آئینی حق ہے کہ ان کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے۔عدالت نے مزید کہا ہے کہ درخواست گزار کو آزاد گھومنے پھرنے کا حق حاصل ہے، درخواست پر ابھی فائنل فیصلہ نہیں ہوا، نیب جلد تفتیش مکمل کرنے کے لیے اقدامات کرے۔

اسے بھی  پڑھیں:  پاکستانی فٹبالر اوٹس خان کا ملائیشین کلب سے معاہدہ