قومی ہاکی کی بحالی ، 15 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کیلئے 15 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کر لی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت گرانٹ ان ایڈ کمیٹی کا 5واں اجلاس ہوا جس میں ہاکی کی بحالی کے اقدامات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں پنجاب بھر میں ہاکی کے فروغ کیلئے سکولز و کالجز میں مقابلے کروانے کا فیصلہ کیا گیا، کھلاڑیوں کو ہاکی کٹس، پروٹیکٹو گیئر، شرٹس، شوز اور اسٹائپنڈ دیے جائیں گے۔
کھلاڑیوں کی ٹریننگ کیلئے انٹرنیشنل کوچز اور ماسٹر ٹرینرز ہائر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق ہاکی اکیڈمیز کا نیٹ ورک پورے پنجاب میں قائم کیا جائے گا جبکہ جدید ٹرف اور فلڈ لائٹس کی تنصیب کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق اولمپینز کو گریس مینٹرز کے طور پر نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔
مزید پڑھیں:مریم نواز کا گرمی کی شدید لہر کے پیش نظر عوام کیلئے ٹھنڈے پانی کا اہتمام کرنے کا حکم
ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں انٹرنیشنل معیار کے ہاکی سٹیڈیم کی تعمیر اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
خواتین ہاکی ٹیم کی تشکیل نو اور گرلز کالجز میں خصوصی ہاکی لیگ کے آغاز کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ہاکی فیڈریشن کے ساتھ مل کر سالانہ پنجاب ہاکی سپر لیگ کے انعقاد پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ ہاکی کی بحالی کیلئے کارپوریٹ سیکٹر سے اسپانسرشپ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فنانسنگ میکانزم بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور اسے اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔