اکمل: پنجابی فلموں کے پہلے مقبول ہیروکو بچھڑے 58برس بیت گئے

65 فلموں میں اداکاری کی جن میں 8اُردو اور57پنجابی فلمیں شامل ہیں

Jun 11, 2025 | 12:59:PM
اکمل: پنجابی فلموں کے پہلے مقبول ہیروکو بچھڑے 58برس بیت گئے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)پاکستانی پنجابی فلموں کے معروف اداکار اکمل کو مداحوں سے بچھڑے 58برس بیت گئے،انہیں پاکستانی دلیپ کماربھی کہاجاتاتھا۔

اکمل اس وقت سلورسکرین پر نمودار ہوئے جب اردو اورپنجابی فلموں میں لالہ سدھیر کا طوطی بول رہا تھا،سدھیر اورشمی کی بغاوت کے علاوہ خاندان میں محمد علی کے مقابل ولن کارول ادا کیا،اکمل برصغیر کے ممتاز کریکٹر ایکٹر اجمل خان کے چھوٹے بھائی تھے جنہوں نے فلم"ہیررانجھا"میں کیدوکاکردارکرکے بے پناہ شہرت حاصل کی تھی۔

اکمل کو عروج 1963ءمیں ریلیز ہونےوالی فلم ”ہتھ جوڑی“ سے ملا،اس کے بعد میگا ہٹ ”ملنگی “نے انہیں بام عروج تک پہنچادیا،”ملنگی“کوپاکستان کی”مغل اعظم“بھی کہا جاتاتھا جس کے فلم ساز اچھّا شوکروالاتھے،”ملنگی“1965میں ریلیزہوئی اور اس نے پورے پاکستان میں کامیابی حاصل کی تھی،اس فلم کے نمایاں فنکاروں میں مظہرشاہ،ساون،یوسف خان،منورظریف اورطالش جیسے فنکار شامل تھے۔

اکمل بطورمیک اَپ مین فلم انڈسٹری سے وابستہ تھے کہ اچانک ہدایت کارمظفرطاہر کی پنجابی فلم”جبرو“ کے ہیرو بن گئے جس نے ان پرکامیابیوں کے دروازے کھول دیئے اس فلم میں یاسمین ان کی ہیروئین تھیں،”جبرو“سے پہلے انہوں نے چند فلموں میں معمولی کرداربھی کئے تھے لیکن”جبرو“کی کامیابی کے بعدوہ فلم سازوں کی ضرورت بن گئے ۔

اکمل کوپنجابی فلموں کے پہلے باقاعدہ مقبول ہیرو ہونے کا اعزاز حاصل تھااوران کانام پنجابی فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھاجاتاتھا،انہوں نے 65 کے قریب فلموں میں کام کیاجن میں 8اُردو اور57پنجابی فلمیں شامل ہیں،ان کی مقبول فلموں میں چوڑیاں،بہروپیا،چاچاخامخواہ،خاندان،میرا ماہی،چاچاجی،اکبرا،مفت بر،امام دین گوہاویا، رانی خاں،من موجی،روٹی،جگری یار اورملنگی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:عیدپرتصاویرشیئرکیوں نہیں کیں؟صبا قمرنے اصل وجہ بتا دی

انہوں نے اداکارہ فردوس سے شادی کی تھی،وہ 11جون1967کوخالق حقیقی سے جاملے تھے اورمسلم ٹاﺅن لاہورکے قبرستان میں آسودخاک ہیں،انتقال کے وقت ان کی بے شُمارفلمیں سیٹ پرتھیں جنہیں کہانی میں تبدیلی کرکے یا پھرافضل خان سے کام لے کرمکمّل کیا گیاتھا ان فلموں میں روٹی،پنج دریا،میراویر،مقابلہ،شیرجوان،رن مرید،لال بجھکڑ،غیرت مند،بہادرکسان اوریاردوست شامل تھیں۔