خطے میں بڑھتی کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، عدم استحکام کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے: پاکستان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، تشدد اور عدم استحکام کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔
پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کا سلامتی کونسل میں بیان دیتے ہوئے کہنا تھا کہ سفارت کاری اور مسلسل مذاکرات ہی متنازع امور کے پائیدار حل کا واحد راستہ ہے۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، تشدد اور عدم استحکام کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے، پاکستان کشیدگی میں کمی، جنگ بندی اور علاقائی استحکام کے لیے تعمیری سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کی ایران کو آخری وارننگ!
انہوں نے زور دیا کہ حساس مذاکرات کے دوران ایسے بیانات اور اقدامات سے گریز کیا جائے جو غلط فہمیوں کو جنم دیں، تمام تر توجہ اور کوششیں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے پر مرکوز ہونی چاہئیں۔
اس سے قبل ایران نے اقوام متحدہ سے امریکا کے احتساب کا مطالبہ کیاتھا۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے امریکا پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ واشنگٹن کو اس کے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرائے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی مندوب امیر سعید ایروانی نے کہا امریکا اپنے غیر قانونی اقدامات کے تمام قانونی اور سیاسی نتائج کا مکمل بین الاقوامی ذمہ دار ہے۔