کم عمر ڈرائیورز اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن
ایکسپائر لائسنس کے ساتھ گاڑی چلانے پر 5 ہزاراورموٹرسائیکل چلانے پر 2 ہزار جرمانہ ہوگا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(عابد چودھری) لاہورمیں کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیورز کے خلاف آج بڑے پیمانے پر جنرل ہولڈ اپ کیا جائے گا۔
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسرسید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران کم عمر ڈرائیورز کے خلاف چالان کے ساتھ ان کی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بھی بند کر کے تھانوں میں منتقل کی جائیں گی،لرنر پرمٹ یا ایکسپائر لائسنس کے ساتھ گاڑی چلانے پر 5 ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل چلانے پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا، اس کے علاوہ موٹرسائیکل پر تین سوار افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ کار یا موٹرسائیکل لائسنس پر کمرشل گاڑی چلانے کی اجازت نہیں جبکہ بسوں، ویگنوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے پی ایس وی لائسنس لازمی قرار دیا گیا ہے،ٹرک، ٹرالر اور دیگر ہیوی وہیکلز کے ڈرائیورز کے پاس ایچ ٹی وی لائسنس ہونا ضروری ہے۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ شہر کے تمام لائسنس دفاتر آج چھٹی کے باوجود معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، جبکہ دفاتر کے باہر خصوصی ناکے بھی لگائے جائیں گے تاکہ بغیر لائسنس افراد کی نشاندہی کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:ڈیری فارمرزکا دودھ کی سرکاری قیمت میں 100 روپے فی لیٹر اضافے کا مطالبہ
سی ٹی اولاہور کاکہناہے کہ شہریوں کی سہولت کے لیے لرنر پرمٹ، ڈپلیکیٹ اور لائسنس کی تجدید کی آن لائن سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں، شہر میں 11 ڈرائیونگ ٹیسٹنگ سینٹرز، 2 موبائل وینز اور 20 فسیلیٹیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں،کم عمر ڈرائیورز اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام سرکل افسران کو اپنی نگرانی میں کریک ڈاؤن یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔