پاکستان اور ترکیہ کا علاقائی استحکام کے لئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

Jul 09, 2025 | 15:08:PM
پاکستان اور ترکیہ کا علاقائی استحکام کے لئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز ) پاکستان اور ترکیہ کا علاقائی استحکام کے لئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔

اسلام آباد میں ترک وزیر خارجہ حکان فدان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک کئی علاقائی اور عالمی معاملات پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلے مضبوط تعلقات کا مظہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی وقت کے ساتھ مضبوط ہو رہی ہے، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مشترکہ کمیٹیوں کے ذریعے تعاون موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ کے وزراء خارجہ اور دفاع کی میزبانی کر کے خوشی ہوئی ہے، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بات ہوئی، مختلف شعبوں میں ترکیہ کے تجربات سے استفادہ کر رہے ہیں، پاکستان ترکیہ کو اپنا قابل اعتماد دوست اور برادر ملک سمجھتا ہے۔

ترک وزیر خارجہ باہمی تجارت کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے خواہاں

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ترکیہ کا ماورف سکول آزاد کشمیر میں کھولنے کی بات ہوئی، کراچی میں ترکیہ کے تاجروں کیلئے خصوصی اقتصادی زون بنانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فدان نے کہا کہ پاکستان کی مہمان نوازی کے شکرگزار ہیں، بھرپور میزبانی پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے مشکور ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا اسے ہمارا مشترکہ اعلامیہ سمجھا جائے، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان منفرد نوعیت کے تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات کو ادارہ جاتی شراکت داری میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

حکان فدان نے کہا کہ دونوں ملکوں نے اقتصادی امور، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا، دونوں ممالک باہمی تجارت کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے خواہاں ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان آئل اور گیس میں تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں:بڑی سیاسی شخصیت  مسلم لیگ (ن) میں شامل

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہیں، قبرص کے معاملے پر پاکستان کی حمایت ہمارے لئے انتہائی اہم ہے۔

ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نے ضبط وتحمل اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا، اسرائیلی جارحیت نے پورے خطے کو خطرے میں ڈالا۔
 قبل ازیں ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فدان اور وزیر دفاع یاشر گوولر دفتر خارجہ پہنچے جہاں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔

یاد رہے کہ معزز مہمان سرکاری دورے پر پاکستان میں موجود ہیں، ترک وفد کی وزیراعظم سمیت اعلیٰ سول اور عسکری حکام سے ملاقاتیں شیڈول ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔