یادیں ہمیشہ ساتھ رہتی ہے، دلیپ کمار کی پانچویں برسی پر سائرہ بانو کا پیغام
زندگی کی سب سے بڑی خوش نصیبی یہ ہے کہ مجھے دلیپ کمار سے محبت کرنے اور انکی محبت پانے کا اعزاز حاصل ہوا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کی پانچویں برسی کے موقع پر ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے اپنے مرحوم شوہر کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
سائرہ بانو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں لکھا کہ زندگی کی سب سے خوبصورت بات یہ ہے کہ وہ کبھی مکمل طور پر رخصت نہیں ہوتی بلکہ یادوں کی صورت میں ہمیشہ ساتھ رہتی ہے،یادیں وقت کی طرح بے وفا نہیں ہوتیں بلکہ خاموش اور پُرہجوم ہر لمحے میں لوٹ آتی ہیں اور مسکراہٹوں، نظروں اور گفتگو کے ہر لمحے کو تازہ کردیتی ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ وہ خود کو خوش نصیب سمجھتی ہیں کیونکہ ان کی زندگی صرف دلیپ کمار کے ساتھ گزری نہیں بلکہ مکمل ہوئی، جب تک’ ’صاحب‘‘ ان کے ساتھ رہے، انہیں دنیاوی مسائل کی فکر کبھی نہیں ہوئی، کیونکہ دلیپ کمار نے ہر ذمہ داری محبت اور وقار کے ساتھ نبھائی۔

سائرہ بانو نے مزیدکہا کہ دنیا دلیپ کمار کو فلمی دنیا کے عظیم ترین فنکاروں میں شمار کرے گی، جبکہ ان کے قریبی لوگ انہیں ان کی شفقت، سخاوت اور انسان دوستی کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھیں گے، اس وقت انہیں احساس نہیں تھا کہ وہ تاریخ کا حصہ بن رہی ہیں اور ایک ایسی میراث کا حصہ ہیں جسے آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔
سائرہ بانو نے مزید لکھا کہ دلیپ کمار کو دنیا سے رخصت ہوئے 5 برس گزر چکے ہیں، مگر وہ آج بھی ان کی زندگی اور یادوں میں زندہ ہیں، ایسی محبت وقت کی پابند نہیں ہوتی اور نہ ہی جدائی اسے ختم کرسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:یمنیٰ زیدی بھی رونالڈو کی مداح،آخری میچ اسٹیڈیم میں دیکھا
سائرہ بانو نے اپنے پیغام کے اختتام پر لکھا کہ ان کی زندگی کی سب سے بڑی خوش نصیبی یہ ہے کہ انہیں دلیپ کمار سے محبت کرنے اور ان کی محبت پانے کا اعزاز حاصل ہوا، جس پر وہ ہمیشہ شکر گزار رہیں گی۔