امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، معصوم شہریوں کے ناحق خون کاحساب لیں گے،ڈی جی آئی ایس پی آر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(میاں افتخار رامے)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی نے فوج کو حملوں کا مکمل اختیار دےدیا ہے، ہماری امن کی شدید خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، معصوم شہریوں کے ناحق خون کے آخری قطرے کابھی حساب لیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی جارحیت سے 31 شہری شہیدجبکہ57 زخمی ہوئے، بھارت کا مکروہ اور گھناؤنا چہرہ سب کے سامنے عیاں ہوگیا،کم ظرف دشمن نے بچوں، خواتین اور بزرگوں کو نشانہ بنایا،کیایہ بچے وہ دہشت گرد ہیں جنہیں بھارت نے نشانہ بنایا،بچوں اور خواتین کو نشانہ بنانا دہشت گردی نہیں تو کیا ہے؟
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ دنیا میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارت کا ملوث ہونا ثابت ہوچکاہے،پاک فوج نے جوابی کارروائی میں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا،پاک فوج نے بھارت کی کسی شہری آبادی کو نشانہ نہیں بنایا،ایئرفورس نے جدید بھارتی جنگی طیاروں کو دھول چٹائی،شاہینوں نے جو کیا فضائی جنگ میں اس کی مثال نہیں ملتی،بھارتی فضائیہ کے 3رافیل سمیت 5طیارے تباہ کئے،پاکستان ایئرفورس کے کسی طیارے یا تنصیبات کو نقصان نہیں پہنچا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کاکہنا تھا کہ بھارت نے بین الاقوامی پروازوں میں بیٹھے متعدد مسافروں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں،قومی سلامتی کمیٹی نے فوج کو حملوں کا مکمل اختیار دےدیا ہے، ہماری امن کی شدید خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، معصوم شہریوں کے ناحق خون کے آخری قطرے کابھی حساب لیں گے۔