یوم دفاع و شہداء پر آئی ایس پی آر کی نئی ڈاکیومنٹری جاری
ڈاکیومنٹری میں جنگ ستمبر کے غازیوں کی لازوال داستان ان کی زبانی پیش کی گئی ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر آئی ایس پی آر نے 6 ستمبر 1965ءکی جنگ کے حوالے سے نئی ڈاکیومنٹری جاری کر دی جس میں غازیوں نے اپنی لازوال داستانیں خود بیان کی ہیں۔
ڈاکیومنٹری میں میجر جنرل (ر) زاہد محمود، ائیر مارشل (ر) مسعود اختر اور رئیر ایڈمرل (ر) فواد امین بیگ نے اپنے تجربات اور جذبات شیئر کرتے ہوئے پاک فوج کی دلیری، قربانی اور اللہ پر کامل یقین کو اجاگر کیا ہے۔
ڈاکیومنٹری میں بتایا گیا ہے کہ دشمن نے جب بھی زمین، فضا یا سمندر میں قوت آزمانے کی کوشش کی تو اس کا انجام عبرتناک ہوا، یہ جنگ پوری قوم کی آواز اور اتحاد کا مظہر تھی جبکہ دفاعِ وطن کا عہد محض نعرہ نہیں بلکہ ایک حلف ہے جو پاک فوج کے خون میں رچا بسا ہے۔
ڈاکیومنٹری میں ریاست کے ساتھ فوج کے اٹوٹ رشتے اور وطن کے لیے سب کچھ قربان کرنے کے جذبے کی خوبصورت عکاسی کی گئی ہے۔
میجر جنرل (ریٹائرڈ) زاہد محمود، ہلال امتیاز ملٹری کا کہنا تھا کہ ہم نے جنگ کے میدان میں رہ کر جنگ لڑی اور نہایت سنگین حالات کا سامنا کیا ہے،دن کے اختتام پر جب دشمن سامنے ہو اور زندگی اور موت کا معاملہ درپیش ہو، تو بس اللہ کے ساتھ تعلق رہتا ہے۔
ائیر مارشل(ر) مسعود اختر ہلال امتیاز ملٹری نے بھی اپنے جذبات کا خوبصورتی سے اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہی پاک فوج کی دلیری، جرأت، حوصلہ اور یقین ہے۔
یہ بھی پڑھیں:یومِ دفاع پر آئی ایس پی آر نے نیا ملی نغمہ’’اللہ ہو‘‘ جاری کر دیا
ڈاکیومنٹری میں بحری سرحدوں کے پاسبان رئیر ایڈمرل ریٹائرڈ فواد امین بیگ ہلال امتیاز ملٹری نے دشمن کا عبرتناک انجام یاد دلاتے ہوئے کہاکہ دشمن یہ جان گیا کہ اگر وہ اپنی قوت ہمارے پانیوں میں آزمانا چاہے تو اس کا انجام سمندر کی تہہ میں دفن ہونا ہے،صدر ایوب نے کہا تھا کہ دشمن کو معلوم ہی نہیں کہ اُس نے کس کو للکارا ہے، یہ دراصل پوری قوم کی آواز تھی،ایک پوری قوم جنگ میں کودنے اور ہر قربانی دینے کو تیار تھی، پاکستانی مسلح افواج کا دفاع کا عہد محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک حلف ہے،پاک فوج کا مٹی سے لیا گیا حلف پہچان اور عزم کی یاد دہانی ہے۔
ڈاکیومنٹری میں پاک فوج کے ریاست کے ساتھ تعلق اور دفاع کی خوبصورت عکاسی کی گئی ہے ،وطن کے لیے اپنی سب کچھ قربان کرنے کی آمادگی اور جذبہ پاک فوج کے خون میں شامل ہے۔