ایران کےساتھ اچھی بات چیت جاری ہے: صدر ٹرمپ کا جلد ڈیل ہونےکادعویٰ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران سے ڈیل کرنا چاہتے ہیں جس کیلئے بات چیت جاری ہے،وہ لوگوں کو مارنا نہیں چاہتے، ایران کے ساتھ بات چیت جاری ہے، دیکھیں کیا ہوتا ہے، ایران ایٹمی ہتھیار نہیں رکھ سکتا۔
ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئےامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اس وقت مذاکرات کی درخواست کی جب امریکا ایک بڑے فوجی حملے کی تیاری مکمل کر چکا تھا، مسلسل عسکری دباؤ کے باعث تہران دوبارہ مذاکرات کی میز پر آنے پر آمادہ ہوا۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکا دوسری جنگ عظیم کے بعد سب سے بڑے حملےکی تیاری کر رہا تھا کہ اسی دوران ایرانی حکام نے رابطہ کیا، انہوں نے مجھے فون کیا اور کہا کہ براہ کرم ایسا نہ کریں، آئیے! بات کرتے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ وہ مزید فوجی کارروائی کے بجائے سفارتی حل کو ترجیح دیتے ہیں، تاہم امریکا کے بنیادی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، میں معاہدہ کرنا پسند کروں گا کیونکہ میں لوگوں کو مارنا نہیں چاہتا، لیکن ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جا سکتی۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف 2روزہ دورے پر آج سعودی عرب روانہ ہوں گے
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز کو دوبارہ بحری آمدورفت کے لیے مکمل طور پر کھولنے سے متعلق مذاکرات جاری ہیں۔
ٹرمپ نے ایک روز قبل بھی کہا تھا کہ مذاکرات میں ’نمایاں پیش رفت‘ ہوئی ہے اور امکان ہے کہ کسی معاہدے کو جلد حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔
امریکی انتظامیہ مسلسل اس بات پر زور دیتی رہی ہے کہ تہران کے ساتھ کسی بھی ممکنہ معاہدے کی بنیادی شرط یہ ہوگی کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے، اور ٹرمپ نے بدھ کے روز بھی اس مؤقف کو دہرایا۔