دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑنے کی اطلاع کے بعد پاکستان میں فلڈ الرٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )بھارت نے دریائے ستلج میں سیلابی ریلا چھوڑنے سے متعلق پاکستانی حکام کو آگاہ کردیا ہے۔ اس اطلاع کے بعد وزارتِ آبی وسائل کی جانب سے فلڈ الرٹ جاری کردیا گیا۔
دریائے ستلج میں جاری اونچے درجے کے سیلاب کے باعث پنجاب کے ضلع بہاولنگرمیں شدید تباہی کا سامنا ہے۔
کمال چوک کے قریب سیم نالہ بند ٹوٹ گیا، جس کے نتیجے میں بستی بہاون شاہ، آبادی قادری مل، قمر دین بودلہ اور دیگر علاقے سیلابی ریلے کی لپیٹ میں آگئے۔
پانی کے بہاؤ میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اور ضلع بہاولنگر کو ملک بھر سے ملانے والی مرکزی شاہراہ زیرآب آنے کا سنگین خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آلودہ پانی پینے سےہسپتال مریضوں سے بھر گیا
ہیڈ گنڈا سنگھ سے بھارت کی جانب سے آنے والے نئے سیلابی ریلے نے ہیڈ سلیمانکی پہنچنا شروع کر دیا ہے، جہاں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دریائے ستلج میں پانی کی آمد ایک لاکھ 42 ہزار کیوسک سے زائد ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث بابا فرید پل اور بھوکاں پتن پل کے نیچے بھی پانی کی سطح بلند ہونے لگی ہے۔
سیلاب سے متاثرہ دریائی بیلٹ میں تقریباً 130 مواضعات، سینکڑوں بستیاں اور 160,000 سے زائد آبادی متاثر ہوگئی ہے۔
متاثرین کی اپنی مدد آپ کے تحت ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی کر چکے ہیں، جبکہ 50,000 سے زائد جانور محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے 19 فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے ہیں، جہاں متاثرین کو کھانا، طبی سہولیات اور جانوروں کے لیے چارہ فراہم کیا جا رہا ہے۔