ہمیں نظر نہیں آرہا عمران خان رہا ہوں گے،علی امین گنڈاپور
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ارشاد قریشی ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہاہے کہ ہمیں نظر نہیں آرہا عمران خان رہا ہونگے ،ہم احتجاج کا حق رکھتے ہیں،ہم نے تحریک کی جانب جانا ہے اور تحریک سڑکوں پر کرنی ہے۔
وزیر اعلی کے پی علی امین کی بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) سے ملاقات کے بعد میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہا کہ ایک پارٹی کا لیڈر ناحق جیل میں ہے،زیادتی ہے کہ ہمیں ان کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہماری نسلوں کے لئے اتنی بڑی قربانی دے رہا ہے، ایسے مواقع قوموں کو دوبارہ نہیں ملتے ،اب ہمیں زور بازو سے شکست دینی پڑے تو ہم ایسے نظام کو شکست دیں گے اس نظام کو جو ہمیں غلامی کی جانب لے جا رہا تھا۔
سی ایم کے پی کے کا کہنا تھا کہ یہ سمجھ رہے ہیں کہ ہمیں غلام بنا لیں گے،ہمیں اللہ نے بحثیت مسلمان اور پاکستانی آزاد پیدا کیا ہے،ہم اس ملک میں آزاد پیدا ہوئے ہیں غلامی برداشت نہیں کریں گے،بانی کہتے ہیں خواہش تھی کہ قوم جاگ جائے،اب قوم جاگ گئی ہے،غلامی برداشت نہیں کرے گی،ہم بھرپور کوشش کریں گے اور تیزی سے کریں گے،اب تحریک بڑے صبر،برداشت کے بعدآئین،قانون،عدالتوں،نظام سے امید رکھی،وقتا فوقتاً احتجاج کیا تو آخر میں ہمیں گولیاں مارنا شروع کر دی گئیں،ہم ڈٹے ہوئے ہیں لیکن یہ سمجھتے ہیں کہ ڈنڈے کے زور پر غلام بنائیں گے تو ہم ڈنڈے کے مقابلے میں ڈنڈہ ماریں گے،گولیوں کے مقابلے میں گولیاں چلائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں چیف منسٹر کا پروٹوکول استعمال کروں گا ،مجھے کوئی گولی ٹھوکے گا تو مجھے بچانے والے بھی اس کو گولی ٹھوکیں گے ،میں بطور وزیر اعلی آئین کے مطابق اپنا اختیار ٹھوک کر استعمال کروں گا۔
وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ 26ویں ترمیم کے بعد عدلیہ آزاد نہیں ہے،عدلیہ سے کوئی امید نہیں ہے،کہیں سے نہیں لگ رہا آزاد فیصلے ہوں گے اور قانون کی حکمرانی ہو گی،ہمیں نظر نہیں آرہا خان صاحب رہا ہوں گے،ہم احتجاج کا حق رکھتے ہیں،ہم نے تحریک کی جانب جانا ہے اور تحریک سڑکوں پر کرنی ہے،افسوناک بات ہے احتجاج کرکے آج پیشی لگوائی گئی لیکن ڈرامہ بازی کہ پراسیکیوٹر کہتا ہے کہ رات کو پتہ لگا کہ سماعت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں کہیں نظر نہیں آرہا،بشری بی بی کو 14ماہ سے نظر بند کر رکھا ہے ،یہ بے غیرتی کی انتہا ہے،آج تک کسی کی بیوی کے ساتھ ایسا نہیں کیا گیا،سیاسی انتقام ہوتے رہے ہوں گے لیکن خواتین کے ساتھ ایسا نہیں ہوا ہو گا۔
وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ بانی نے ہمیشہ کہا کہ فنڈز کو ہیومن ڈویلپمنٹ لگایا جائے ،ہیومن ڈویلپمنٹ پر کام کرنا ہے،لوگوں کو اوپر لانا ہے،پیچھے رہ جانے والے علاقوں کو برابری کی سطح پر کھڑا کرنا ہے،ہم ڈائریکٹ فنڈز نہیں دیں گے،ہم ولیمز دیں گے اس کے لئے کمیٹی بنائیں گے،وہ کمیٹی ایویلوایٹ کرے گی کہ اس سکیم کا کتنا فائدہ اور ضرورت ہے۔
صوبے کی بجٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا بجٹ عوامی اور ٹیکس فری ہو گا،این ایف سی کا اجلاس اگست میں بلائی جا رہی ہے،وفاق کے ساتھ جو حقوق کی جنگ ہے وہ بھی کافی حد تک جیت رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات بڑی واضح ہے کہ پاکستان کے لئے بات کرنے کو تیار ہوں،ایک ہے اسٹیبلشمنٹ، ایک ہے دھوکہ،فرعونیت اور فراڈ ہے ۔
اس دوران انہوں نے واضح کیا کہ ہم اپنا حق لینے کے لئے اپنا راستہ اختیار کریں گے،سیاسی جماعتوں میں ذمہ داریاں سونپی جاتی ہیں بانی نے قوم کو زمہ داری دی ہوئی ہے،یہ ایک جہاد ہے مل کر سب نے لڑنا یے،تحریک میں ہر وہ شخص جو بانی کی سوچ کو فالو کرتا ہے اس نے اس تحریک کو لیڈ کرنا ہے،ان کا کہنا تھا کہ یہ جو بادشاہت کا نظام ہے یہ اسے آسانی سے نہیں چھوڑنے والے، میں بھی اسی احتجاج اور تحریک کا حصہ ہوں، بانی شاید تحریک کے حوالے سے مزید کوئی کمیٹی بھی بنانے لگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک پر قابض لوگوں کے فیصلوں سے پاکستان تباہی ہو رہا ہے،ملک نیچے جا رہا ہے،جو گھر قرضوں سے شروعات کرے،انھوں نے باریاں کرکے انھوں نے ملک اور معیشت کو تباہی کر دیا ،اب انھوں نے ترامیم کرکے قانون اور آئین کا کباڑی نکال دیا ۔
علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ یہ سارے جو بیٹھے ہیں کیا یہ اندھے ان کو نظر نہیں آرہا کیا ہو رہا ہے،اب پتہ چل گیامجموعی طور یہ سارے کے سارے ایسی سوچ بنا چکے ہیں جو اس ملک کو آگے نہیں لیکر جا سکتی ،یہ سوچ اس ملک کے قانون اور آئین کے خلاف ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ملک اسد قتل کیس؛پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سمیت5ملزمان گرفتار