’ثنایوسف  کا کونسا خواب ادھورا رہ گیا‘چچا کا اہم انکشاف

Jun 04, 2025 | 23:35:PM
’ثنایوسف  کا کونسا خواب ادھورا رہ گیا‘چچا کا اہم انکشاف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)’وہ عید کے بعد چھٹیاں گزارنے کیلئے گاؤں آنے والی تھی مگر کیا خبر تھی کہ تابوت میں آئے گی۔‘درد سے لبریز یہ الفاظ ثنا یوسف کے چچا کوثر علی شاہ کے تھے، جو اپنی بھتیجی کے قتل پر غم سے نڈھال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ثنا یوسف ہر برس اپنے والدین کے ساتھ گرمیوں کی چھٹیاں منانے چترال آتی تھی جبکہ اس دفعہ بھی انہوں نے عید کے بعد آنے کا کہا تھا۔

’ثنا یوسف نے اپنی والدہ کے گھر بونی میں چھٹیاں گزارنے کا منصوبہ بنایا تھا، پھر ان کا مختلف خوبصورت مقامات میں جاکر ویڈیو کنٹینٹ بنانے کا ارادہ تھا۔ لیکن ثنا کی موت کی خبر نے ہلا کر رکھ دیا ہے، ہمیں کیا خبر تھی کہ عید سے پہلے ہی اس کے جنازے پر تمام اہل خانہ اکٹھے ہوں گے۔‘

خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دو روز قبل دو جون کو سوشل میڈیا انفلونسر ثنا یوسف کو ان کے گھر کے اندر قتل کردیا گیا تھا۔ تاہم اسلام آباد پولیس نے ملزم کو 20 گھنٹے بعد فیصل آباد سے گرفتار کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں:ثنا یوسف قتل کیس، ملزم سے کتنے پیسے برآمد ہوئے؟ تہلکہ خیز انکشاف

’ثنا کا خواب ادھورا رہ گیا‘

کوثر علی شاہ نے کہا کہ ثنا یوسف بہت ملنساراور ہنس مکھ لڑکی تھی، وہ اسلام آباد میں رہنے کے باوجود اپنے علاقے کے بارے میں فکر مند رہتی تھی، اس کی خواہش تھی کہ وہ انٹرپرینیور بنے تاکہ علاقے کے لوگوں کی ان کے پاؤں پر کھڑا ہونے میں مدد کر ے۔

’ثنا کا ارادہ تھا کہ وہ گاؤں کی خواتین کو ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں تربیت دے تاکہ ان کو بااختیار بنایا جا سکے مگر اس کا خواب ادھورا رہ گیا۔‘

ثنا یوسف کے چچا نے کہا کہ ’پورے خاندان اور چترال کو فخر ہے کہ ثنا نے اپنی عزت کا خیال رکھا اور اس قاتل نوجوان کی دھمکیوں کے باوجود اس کی بات نہ مانی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ثنا نے والدین کی مرضی سے سوشل میڈیا کی دنیا میں قدم رکھا تھا اور ان کے والدین نے ہمیشہ ان کو سپورٹ کیا۔

کوثر علی شاہ نے بتایا کہ ثنا یوسف ایف ایس سی فرسٹ ایئر کی طالبہ تھی۔ تعلیمی قابلیت کے ساتھ وہ غیرنصابی سرگرمیوں میں تمام طلبہ سے آگے رہتی تھی۔

’اس کی موت نے ہر چترالی کو افسردہ کر دیا ہے، گاؤں میں سوگ کی فضا ہے، بچے بوڑھے اور خواتین سب ثنا یوسف کو یاد کر کے رو رہے ہیں۔ کسی کو یقین نہیں آ رہا کہ اپنی باتوں سے سب کو ہنسانے والی اپنے پیچھے سب کو رلا گئی ہے۔‘

یہ بھی پڑھیں:قتل کے بعد ثنا یوسف کے فالورز میں حیران کن اضافہ تعداد کتنی ہوگئی؟ جانیے

دیگر کیٹیگریز: انٹرٹینمنٹ
ٹیگز: