خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر بم کی اطلاع، زائرین کا داخلہ روک دیا گیا
بھاری پولیس فورس موقع پر پہنچ گئی، 17 دسمبر کو درگاہ میں عرس کی پرچم کشائی ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)حضرت خواجہ معین الدین چشتی رحمتہ اللہ علیہ کی درگاہ میں بم ہونے کا ای میل ملنے پر زائرین کا داخلہ روک دیا گیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ، ڈاگ اسکواڈ، کئی تھانوں کے افسران اور بھاری پولیس فورس موقع پر پہنچ گئی۔ 17 دسمبر کو درگاہ میں عرس کی پرچم کشائی ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کےمطابق اجمیر میں دوپہر اس وقت افراتفری مچ گئی جب ضلع کلیکٹریٹ اور اجمیر شریف درگاہ، دونوں جگہ بیک وقت بم ہونے کا ای میل ملا۔ ای میل ایک غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے آیا تھا، لیکن مقام کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ فوراً الرٹ ہوگئی۔ کلیکٹریٹ کے احاطے کو خالی کرایا گیا، وہیں حضرت خواجہ معین الدین چشتی رحمتہ اللہ علیہ کی درگاہ میں زائرین کا داخلہ روک دیا گیا۔ چند ہی منٹس میں بم ڈسپوزل اسکواڈ، ڈاگ اسکواڈ، کئی تھانوں کے افسران اور بھاری پولیس فورس موقع پر پہنچ گئی۔ 17 دسمبر کو درگاہ میں عرس کی پرچم کشائی ہے، ایسے میں پہلے سے بڑھی ہوئی سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی۔
درگاہ کے احاطے کو خالی کرا کر بی ڈی ایس ٹیم نے سرچ آپریشن شروع کیا۔ بڑی تعداد میں لوگوں کو باہر روک دیا گیا اور سخت ناکہ بندی کے درمیان درگاہ کے ہر کونے کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ کلیکٹریٹ اور درگاہ دونوں جگہ بیک وقت ایک جیسے سیکورٹی پروٹوکول نافذ کیے گئے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو روکا جا سکے۔اجمیر کی پولیس سپرنٹنڈنٹ وندیتا رانا موقع پر پہنچیں اور پورے حالات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ای میل ایک غیر تصدیق شدہ ای میل آئی ڈی سے آیا ہے۔ اس میں براہِ راست کوئی دھمکی نہیں دی گئی، لیکن اتنا ضرور کہا گیا ہے کہ یہاں کچھ کیا جا سکتا ہے۔ اسی لیے احتیاط کے طور پر پورا سیکورٹی پروٹوکول فالو کیا جا رہا ہے۔ پولیس ٹیمیں مسلسل چیکنگ کر رہی ہیں اور ابھی تک کوئی مشکوک چیز نہیں ملی ہے۔
اجمیر کی پولیس سپرنٹنڈنٹ وندیتا رانا یہ بھی بتایا کہ گزشتہ روز جئے پور کلیکٹریٹ کو بھی ایسا ہی ای میل ملا تھا، جہاں ایجنسیوں نے پوری مستعدی کے ساتھ ڈرل اور چیکنگ کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈرل بھی ہو سکتی ہے، شرارت بھی، یا پھر کوئی حقیقی خطرہ بھی۔ اس لیے ای میل کس کا ہے، کہاں سے بھیجا گیا ہے اور اس کا مقصد کیا ہے، ہر پہلو سے جانچ کی جا رہی ہے۔انہوں نے لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ سسٹم فوراً ایکٹیویٹ ہو گیا تھا۔ سیکورٹی ہماری اولین ترجیح ہے اور تمام پروٹوکول پر عمل کیا جا رہا ہے۔ فی الحال درگاہ اور کلیکٹریٹ دونوں جگہ سیکورٹی غیر معمولی طور پر بڑھا دی گئی ہے۔ سائبر ٹیم بھی ای میل کی ٹریسنگ میں لگ گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ای میل بھیجنے والے کی شناخت جلد سامنے آ جائے گی اور پورا معاملہ سنجیدگی سے تفتیش کے دائرے میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:40 ہزار روپےکے پریمیم پرائز بانڈ کی آخری قرعہ اندازی کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا