اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس، متعدد منصوبوں کیلئے ضمنی گرانٹس کی منظوری

Feb 01, 2024 | 23:44:PM
اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس، متعدد منصوبوں کیلئے ضمنی گرانٹس کی منظوری
کیپشن: فوٹو 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(وقاص عظیم) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سول ایوی ایشن سمیت مختلف شعبوں اور منصوبوں کیلئے ضمنی گرانٹس کی منظوری دے دی۔ 

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر کی زیر صدارت ہوا جس میں تیرہ نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا۔

   ای سی سی کے اجلاس میں سول ایوی ایشن کیلئے 50 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی، یہ گرانٹ پاکستان میں پی ایم ڈی کی ہائیڈرومٹ سروسز کی ماڈرنائزیشن کے پراجیکٹ پر خرچ ہوگی۔

   اجلاس میں کابینہ ڈویژن کے انٹرنیشنل ریفارمز سیل کیلئے تین کروڑ 88 لاکھ 56 ہزار روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ بھی منظور کی گئی، علاوہ ازیں جاپانی گرانٹ سے خیبرپختونخوا کے دیہی علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی تعمیر اور لاہور کی تین یونین کونسلز میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پراجیکٹ کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی سمری کی بھی منظوری دی گئی۔

   ای سی سی کے اجلاس میں وزارت خزانہ کو رواں مالی سال کیلئے کنسلٹنسی سروسز اور کنسلٹنٹ بھرتی کرنے کیلئے ایک ارب 59کروڑ سولہ لاکھ روپے کے اضافی فنڈز فراہم کرنے کی سمری بھی منظور کرلی جبکہ فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ کیلئے ساڑھے سات ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیے: وفاقی کابینہ کی 146 جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری

اجلاس میں وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کو 56 کروڑ روپے سے زائد کی تکنیکی ضمنی گرانٹ فراہم کرنے کی دو سمریاں بھی منظور کرلیں، اسی طرح گلگت بلتستان کو سبسڈائزڈ ریٹ پر گندم کی فراہمی کیلئے گندم کی قیمت کی ریشنلائزیشن کی سمری کی بھی منظوری دی گئی۔

   کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں ملک میں گندم کی طلب اور رسد کی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ساتویں مردم شماری و خزانہ شماری کیلئے چار ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔