سی ای او کے الیکٹرک کو عہدے سے ہٹانے کا حکم، 25 لاکھ روپے جرمانہ عائد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)صوبائی محتسب نے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹوآفیسر مونس علوی کو ایک خاتون کو دفتر میں ہراساں کرنے کے کیس میں عہدے سے ہٹانے کا حکم جاری کردیا۔
صوبائی محتسب نے فیصلہ سناتے ہوئے مونس علوی پر 25 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے جو متاثرہ خاتون کو بطور ازالہ ادا کیا جائے گا،فیصلے کے مطابق اگر مونس علوی نے جرمانہ ادا نہ کیا تو ان کی جائیداد ضبط اورقومی شناختی کارڈ منسوخ کردیا جائے گا۔
متاثرہ خاتون نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ 2019 میں جب انہیں بطور چیف مارکیٹنگ آفیسر تعینات کیا گیا اس وقت سے مونس علوی ان پر ڈنر پر ساتھ جانے کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے،اس کے علاوہ مونس علوی ان کے جسمانی خدوخال پر نازیبا تبصرے بھی کیا کرتے تھے۔
صوبائی محتسب نے خاتون کے تمام شواہد اور بیانات کی روشنی میں فیصلہ سناتے ہوئے مونس علوی کے رویے کو ہراسانی کے زمرے میں قرار دیتے ہوئے سخت اقدامات کی ہدایت جاری کردی۔
صوبائی محتسب کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ پیشہ ورانہ معاملات میں دیانت داری اور وقار کی اقدار کو برقرار رکھا ہے، میں پورے خلوص دل سے ہر ایک کے لیے محفوظ اور باوقار کام کی جگہوں کے فروغ پر یقین رکھتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: سکول کب سے کھلیں گے؟نئے اوقات کارکابھی اعلان ہوگیا
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ حال ہی میں آنے والا فیصلہ میرے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے، اگرچہ میں قانونی عمل اور ان اداروں کا احترام کرتا ہوں جو اسے قائم رکھتے ہیں، لیکن میں اپنے ضمیر کی آواز پر یہ کہنا ضروری سمجھتا ہوں کہ یہ فیصلہ اس حقیقت کی عکاسی نہیں کرتا جو میں نے خود اس صورت حال میں محسوس کی،یہ ایک نہایت تکلیف دہ سفر رہا ہے، نہ صرف پیشہ ورانہ طور پر بلکہ ذاتی طور پر بھی، میں اس فیصلے کا اپنے قانونی مشیروں کے ساتھ جائزہ لے رہا ہوں اور اپیل کا حق استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔
مونس علوی نے مزید کہا کہ ہر اس شخص کو سنا جانا چاہیے جو خود کو مظلوم محسوس کرتا ہو، میں اس بات پر قائم ہوں کہ سچائی کو تمام دستیاب قانونی ذرائع کے ذریعے مکمل طور پر سامنے لایا جائے، میں اُن تمام افراد کا شکر گزار ہوں جو مجھے جانتے ہیں، میرے ساتھ کام کر چکے ہیں اور جو قانونی طریقہ کار پر یقین رکھتے ہیں،انصاف اور کام کی جگہ پر وقار کے اصولوں کے لیے میرا احترام غیر متزلزل ہے۔