کہیں دھوپ تو کہیں بادلوں کا سایہ،کراچی میں بارش سے موسم خوشگوار
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک، عمر کوٹ، تھرپارکر، بدین، سانگھڑ، مٹھی، میرپور خاص، ٹنڈو اللہ یار، ٹنڈو محمد خان، خیرپور، جامشورو، حیدرآباد، کراچی، سجاول اور ٹھٹھہ میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،محکمہ موسمیات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) کہیں دھوپ تو کہیں بادلوں کا سایہ،ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوب مشرقی سندھ میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا،ایم اے جناح روڈ ،نمائش گارڈن اور اطراف میں ہلکی بارش ہوئی،محکمہ موسمیات کے مطابق بھارت کے علاقے گجرات میں موجود لو پریشر سسٹم کے باعث شہر میں سمندری ہوائیں بند ہو چکی ہیں، جس کے نتیجے میں حبس کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ لو پریشر شمال مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے جبکہ مرطوب ہوائیں سندھ کے جنوب مشرقی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔ ان موسمی تبدیلیوں کے باعث کراچی میں آج گرمی کی شدت میں اضافہ اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شہر قائد میں آج گرج چمک کے ساتھ آندھی اور بارش کی توقع ہے۔ صبح کے وقت ہی درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا تھا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے، جو گرمی کی شدت میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا استعمال زیادہ کریں۔
شہر لاہور میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، شہر کا موسم مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 87 فیصد تک پہنچ گیا ہے جس کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج ایک بار پھر موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد میں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں بارش کا کوئی امکان نہیں جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ گرم اور خشک موسم کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے،تاہم کل سے جنوب مشرقی سندھ میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، عمر کوٹ، تھرپارکر، بدین، سانگھڑ، مٹھی، میرپور خاص، ٹنڈو اللہ یار، ٹنڈو محمد خان، خیرپور، جامشورو، حیدرآباد، کراچی، سجاول اور ٹھٹھہ میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رات12 بجے سے پہلے پہلے پٹرول ڈلوا لیں،’’پھر نہ کہنا خبر نہیں ہوئی‘‘