بالی ووڈ اداکار شائنی آسمان سے زمین پر آ گرا ، کروڑوں کمانے والا کپڑا فروش بن گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) ایک نقطے نے محرم سے مجرم بنا دیا ، ایسے ہی ایک بھیانک غلطی نے ایک بہترین اداکار کو آسمان سے زمین پر لا گرایا۔یہ وہ اداکار ہےجس نے ایک دو نہیں بلکہ کئی فلموں میں کام کیا ۔ اس نے اپنی پہلی فلم سے لوگوں کے دلوں میں ایک خاص جگہ بنائی لیکن ریپ کیس میں پھنس کر 7 سال کی سزا کاٹنا پڑی۔ اس کے بعد اس نے 2015 میں واپسی کی، لیکن عوام نے مکمل طور پر مسترد کر دیا۔ آج وہ گمنام ہے اور کپڑے بیچتے ہوئے زندگی بسر کررہا ہے۔
بھارت کی بڑی اردو نیوز ویب سائٹ کے مطابق بالی ووڈ میں ایک وقت تھا جب ایک ہینڈسم اداکار کو انڈسٹری کا اگلا سپر اسٹار قرار دیا جاتا تھا۔ اس نے کئی بڑی فلموں میں اداکاری کی، سپر ہٹ گانے پیش کیے، اور شہرت کمائی۔ لیکن ایک دم سے سب کچھ بکھر گیا۔ عصمت دری کے مقدمے میں گرفتاری، عدالت کی سزا، اور سلاخوں کے پیچھے گزارے گئے سالوں نے اس کی زندگی کا رخ بدل دیا۔ اب وہی اداکار، جو اکشے کمار اور کنگنا رناوت جیسے ستاروں کے ساتھ کام کر چکا ہے ، فلموں سے دور ہو کر کپڑے بیچ رہا ہے۔"دی بیڈز آف بالی ووڈ" میں واپسی کے بعد، رجت بیدی نے بتایا کہ کس طرح ہندی سنیما میں مواقع کی کمی نے انہیں فلم انڈسٹری چھوڑنے اور رئیل اسٹیٹ میں اپنا کیریئر بنانے کے لیے بیرون ملک جانے پر مجبور کیا۔ وہ اکیلا نہیں ہے؛ کئی ایسے ستارے ہیں جنہوں نے کبھی شوبز میں کامیابی کا مزہ چکھا لیکن پھر انہیں اپنا راستہ بدلنا پڑا۔ ایسا ہی ایک نام شائنی آہوجا کا ہے۔
رپورٹ کے مطابق شائنی 15 مئی 1973 کو دہلی میں ایک آرمی کرنل کے ہاں پیدا ہوئے۔ انکی والدہ گھریلو خاتون تھیں۔ بنگلور میں انجینئرنگ کی تعلیم کے دوران تھیٹر ڈائریکٹر بیری جان سے ملاقات نے ان کی زندگی بدل دی ۔ وہ اشتہارات میں نظر آنے لگے ، کیڈبری اور سٹی بینک جیسے برانڈز کے اشتہارات میں نظر آئے۔ پیپسی کے ایک اشتہار سے فلمساز سدھیر مشرا کی نظر ان پر پڑی اور پھر وہ ہوا جس کا خواب دیکھا تھا ۔
انہوں نے انہیں اپنی فلم ’’ہزاروں خواہشیں ایسی‘‘ میں لانچ کیا۔ اس ڈیبیو کے ساتھ ہی شائنی انڈسٹری میں چھا گئے۔ اسی سال ان کی چار فلمیں ریلیز ہوئیں، جو اس وقت ایک اہم کامیابی تھی۔ شائنی کی اصل پہچان انوراگ باسو کی فلم "گینگسٹر" سے ہوئی، جس میں انہوں نے کنگنا رناوت کے مد مقابل مرکزی کردار ادا کیا تھا ۔وہ فلم ہٹ رہی۔ اس کے بعد انہوں نے "وہ لمحے"، "لائف ان اے میٹرو" اور "بھول بھولیا" جیسی فلموں میں کام کیا۔ ایک موقع پر، وہ جان ابراہم اور کے کے مینن جیسے ہم عصروں کے حریف سمجھے جاتے تھے ۔لیکن سال 2009 میں سب کچھ بدل گیا۔ شائنی کو اپنی 19 سالہ گھریلو ملازمہ کے ساتھ زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ کیس کی تحقیقات کے بعد، ممبئی کی ایک فاسٹ ٹریک عدالت نے 2011 میں انہیں 7 سال قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے انہیں میڈیکل رپورٹس، ڈی این اے شواہد اور ان کے ابتدائی بیان کی بنیاد پر قصوروار قرار دیا۔ اگرچہ متاثرہ نے بعد میں اپنا بیان واپس لے لیا تھا ۔ پھر بھی عدالت نے جرم کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے سزا کو برقرار رکھا۔شائنی نے بامبے ہائی کورٹ میں اپیل کی اور انہیں ضمانت مل گئی۔ 2015 میں، شائنی نے انیس بزمی کی فلم "ویلکم بیک" کے ساتھ واپسی کی کوشش کی۔ یہ فلم ہٹ رہی، لیکن ان کا کیریئر اپنی سابقہ رفتار کو دوبارہ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ اس کے بعد انہوں نے انڈسٹری سے مکمل کنارہ کشی اختیار کر لی۔ کہا جاتا ہے کہ ان کے کیس نے فلم "سیکشن 375" کی کہانی کو متاثر کیا، جس میں اکشے کھنہ اور ریچا چڈھا نے اداکاری کی تھی۔سال 2023 میں بمبئے ہائی کورٹ نے انہیں 10 سال کے لئے پاسپورٹ رینیو کرنے کی اجازت دی ۔ حال ہی میں ایکس X (سابق ٹویٹر) پر ایک حالیہ وائرل پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ شائنی اب فلپائن میں آباد ہیں اور وہاں کپڑے کا کاروبار چلا رہے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں:اداکارہ ماہیما چوہدری کی دوسری شادی؟وائرل ویڈیوکی حقیقت سامنے آگئی