رانا تنویرکی زیر صدارت فرٹیلائزر ریویو کمیٹی کااجلاس،کھاد کی دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت فرٹیلائزر ریویو کمیٹی کا ہفتہ وار اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں کھاد کی دستیابی اور قیمتوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں یوریا اور ڈی اے پی کی کوئی قلت نہیں اور دونوں کھادوں کے وافر ذخائر دستیاب ہیں،انہوں نے واضح کیا کہ خریف سیزن کے لیے کھاد کی مکمل دستیابی یقینی بنائی گئی ہے۔
رانا تنویر حسین کے مطابق یوریا کے وافر ذخائر موجود ہیں اور سیزن کے اختتام تک مناسب اسٹاک برقرار رہے گا، جبکہ ڈی اے پی کے بفر اسٹاک بھی مستحکم ہیں اور جولائی تک مسلسل فراہمی جاری رہے گی،انہوں نے خبردار کیا کہ ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ عالمی منڈی میں عدم استحکام کے باوجود پاکستان میں کھاد کی قیمتیں مستحکم ہیں۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت نے کسانوں کے تحفظ کے لیے اضافی مالی بوجھ خود برداشت کیا ہے اور کسانوں و عوام سے اپیل کی کہ وہ گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں کیونکہ کھاد کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔
اجلاس میں تمام صوبوں نے کھاد کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور وفاق کے ساتھ مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر کھاد کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنانے اور مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے سخت نگرانی جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان سے ملاقات کیلئے 6 وکلا رہنمائوں کی فہرست اڈیالہ جیل حکام کو بھجوا دی گئی