پاکستان پہلی بار انٹرنیشنل اولیو کونسل کا مستقل رکن بن گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(انور عباس) پاکستان پہلی بار انٹرنیشنل اولیو کونسل (آئی او سی) کا مستقل رکن بن گیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق لزبن میں ہونے والے آئی او سی کے 123ویں اجلاس میں پاکستان نے پہلی مرتبہ اپنی نشست سنبھال لی جبکہ نیویارک انٹرنیشنل اولیو آئل مقابلے میں پاکستان نے سلور ایوارڈ بھی حاصل کیا۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے عالمی زیتون سیکٹر میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ماحولیاتی تبدیلی کے تناظر میں پائیدار زیتون پیداوار پر زور دیا ہے، پاکستان عالمی زیتون مارکیٹ میں اپنی موجودگی مزید مستحکم کرنے کے لیے بھی پرعزم ہے۔
وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی قیادت میں پاکستانی وفد نے اجلاس میں شرکت کی جس میں پاکستان سمیت 27 زیتون پیدا کرنے والے ممالک شریک ہوئے، اجلاس کے دوران آئی او سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور چیئرمین نے پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
پاکستان نے عالمی زیتون شعبے میں فعال کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کونسل کے اراکین کو پاکستان کے تیزی سے فروغ پاتے زیتون کے شعبے سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان میں زیتون کے 70 لاکھ سے زائد درخت لگائے جا چکے ہیں جبکہ ملک بھر میں 55 ہزار 669 ایکڑ رقبے پر زیتون کی کاشت جاری ہے،انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں زیتون کے کلسٹرز تیزی سے وسعت اختیار کر رہے ہیں اور ملک میں مکمل کھیت سے دسترخوان تک ویلیو چین قائم کر دی گئی ہے۔
رانا تنویر حسین نے بتایا کہ پاکستان میں زیتون کے تیل کی 51 ایکسٹریکشن یونٹس فعال ہیں جبکہ جدید پروسیسنگ سہولیات، نرسریاں اور موسمیاتی اسٹیشنز بھی قائم کیے جا چکے ہیں،ان کے مطابق چار عالمی معیار کی لیبارٹریاں آئی او سی کے معیار کے مطابق تیار کی گئی ہیں اور پاکستان مصدقہ زیتون کے پودوں کی مقامی سطح پر پیداوار میں خود کفالت حاصل کر چکا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی زیتون کے تیل کو عالمی سطح پر بھی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جولائی سے ستمبر تک موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی جاری کر دی