سیکیورٹی فورسز کی کرم میں کارروائی،7 خوارج ہلاک، کیپٹن سمیت 6 جوان شہید
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور)سیکورٹی فورسزنے خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارتی پراکسی 'فتنہ الخوارج' کے 7 خوارج ہلاک کئے،شدید فائرنگ کے تبادلے میںپاک فوج کے کیپٹن سمیت 6 جوان شہیدہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نےضلع کرم کے جنرل ایریا ڈوگر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا،آپریشن میں رپورٹ شدہ بھارتی پراکسی 'فتنہ الخوارج' کے سات خوارج ہلاک ہوئے،شدید فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن نعمان سلیم بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے،پانچ فوجی جوان (حوالدار امجد علی، نائیک وقاص احمد، سپاہی اعجاز علی، سپاہی محمد ولید، سپاہی محمد شہباز) نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ یہ کارروائی قومی ایکشن پلان کے فریم ورک اور وفاقی اپیکس کمیٹی کے منظور شدہ ویژن "عزمِ استحکام" کے تحت بلا توقف جاری رہنے والی انسدادِ دہشت گردی مہم کا حصہ ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے بعد علاقے میں سینٹائزیشن آپریشن جاری ہے،سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی معاونت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک موثر آپریشنز جاری رکھیں گے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کرم کے علاقے ڈوگر میں خوارج کے خلاف کارروائی میں شہید ہونے والے کیپٹن نعمان سلیم اور اُن کے 5ساتھیوں کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے،صدرِ مملکت نے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے عزم، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ وژن عزمِ استحکام کے تحت بھارت کے حمایت یافتہ فتنۂ خوارج کے خلاف آپریشن دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا،شہداء کی قربانیاں قومی اتحاد، سلامتی اور استحکام کی ضمانت ہیں،صدرِ مملکت نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور اُن کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کرم میں 7 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کرتے ہوئے خوارجیوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن نعمان سیلم سمیت 6 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کیپٹن نعمان سمیت 6 جوانوں نے فرض کی راہ میں جانیں نچھاور کرکے اعلی مثال قائم کی، قوم شہید کیپٹن نعمان سمیت 6 جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے،کیپٹن نعمان سمیت 6 جوانوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے وطن کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا،فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم یکسو ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھی کرم کے علاقے ڈوگر میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر زبردست خراجِ تحسین کرتے کہا کہ کیپٹن نعمان سلیم اور 5جوانوں کی شہادت قوم کے عزم و حوصلے کی علامت ہے،شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،قوم اپنے بہادر سپوتوں پر فخر کرتی ہے،ان کی قربانیوں سےوطن میں امن واستحکام کاعزم مزیدمضبوط ہوا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بھارتی سرپرست یافتہ خوارج کے خلاف آپریشن دہشت گردی کے خاتمے کی جانب ایک بڑا قدم ہے،بلوچستان کے عوام اور حکومت دہشت گردی کے خلاف پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ“عزمِ استحکام” کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دے گی،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر شہید کا خون ہماری قومی یکجہتی اور دفاع کی ضمانت ہے،شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، شہداء کی قربانیاں تاقیامت یاد رکھی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی،نجی ائیرلائن نے جہاز کو ویگن بنا دیا،مقررہ سیٹوں سے زیادہ 2اضافی مسافر سوار کروا دیئے