پانی ہماری ریڈ لائن، 24 کروڑ عوام کے بنیادی حق پر آنچ نہیں آنے دینگے: فیلڈ مارشل

May 29, 2025 | 19:46:PM
پانی ہماری ریڈ لائن، 24 کروڑ عوام کے بنیادی حق پر آنچ نہیں آنے دینگے: فیلڈ مارشل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احمد منصور)فیلڈمارشل عاصم منیر نے کہاکہ پاکستان، ہندوستان کی اجارہ داری کبھی قبول نہیں کرے گا ، ہندوستان جان لے کہ پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا ۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) چیف آف آرمی سٹاف نے مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، پرنسپلز اور سینئر  اساتذہ کرام سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اساتذہ  کرام پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں،میں آج جو کچھ بھی ہوں ، اپنے والدین اور اساتذہ کرام کی وجہ سے ہوں،پاکستان کی اگلی نسلوں کی کردار سازی اساتذہ کرام کی ذمہ داری ہے ، آپ(اساتذہ) نے پاکستان کی کہانی اپنی اگلی نسلوں کو بتانی ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہاکہ معرکہ حق میں اللہ تعالیٰ نے ہر طرح سے پاکستان کی مدد کی،معرکہ حق اس بات کا ثبوت ہے کہ جب پوری قوم ایک آہنی دیوار بن جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اُسے گرا نہیں سکتی،فیلڈ مارشل کاکہنا تھا کہ کشمیر کا کوئی بھی  سوداممکن نہیں ، ہم کبھی بھی کشمیر کو نہیں بھول سکتے،ہندوستان جان لے کہ پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا ۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہاکہ پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور24 کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پر آنچ نہیں آنے دیں گے، پاکستان، ہندوستان کی اجارہ داری کبھی قبول نہیں کرے گا ، ہندوستان نے کئی دہائیوں سے کشمیر کے مسئلے کو دبانے کی کوشش کی مگر وہ ناکام ہو چکا ہے، اب یہ ممکن نہیں رہا ۔

 چیف آف آرمی سٹاف نے کہاکہ دہشت گردی ہندوستان کا اندرونی مسئلہ ہے جس کی بنیادی وجہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر بڑھتا ہوا ظلم اور تعصب پسندی ہے، جبکہ کشمیر ایک عالمی سطح کا مسئلہ ہے،بلوچستان میں دہشت گرد فتنہ الہندوستان ہیں، ان کا بلوچوں سے کوئی تعلق نہیں ۔

فیلڈ مارشل نے کہاکہ ہم نے پاکستان کو ایسی مضبوط ریاست بنانا ہے جس میں تمام ادارے قانون کے مطابق ، آئین کے تحت، بغیر کسی سیاسی دباؤ، مالی اور ذاتی فائدے کے ، عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں،جو کوئی بھی ریاست کو کمزور بنانے کا بیانیہ بنانے کی کوشش کرے اُس کی نفی کریں۔

شرکانےسوال جواب سیشن میں کہا کہ یہ جو محفوظ دھرتی ہے ، اس کے پیچھے وردی ہے ، ہمیں پاکستان اور اپنی مسلح افواج پر فخر ہے اور ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ۔

یہ بھی پڑھیں:جمعہ کے روز موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے نوید سنا دی