ٹانک: ٹریفک پولیس وین پر حملہ ، 3اہلکار شہید
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹریفک پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(جعفر زکوری)پشاور کےضلع ٹانک کے علاقے وزیر آباد میں ٹریفک پولیس کی موبائل گاڑی پر فائرنگ سے 3 اہلکار شہید ہوگئے۔
تھانہ سٹی پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد موٹر سائیکل سوار حملہ آور فرار ہوگئے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے میں حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ شہید اہلکاروں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی وزیرِ خارجہ امریکی ہم منصب سے ملاقات کے لیے واشنگٹن پہنچ گئے
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹانک کے علاقے میں خوارجیوں کی جانب سے ٹریفک پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
محسن نقوی نے فائرنگ کے نتیجے میں تین پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ قوم اپنے بہادر اہلکاروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔