بنکاک میں 300 ملی میٹر بارش،اہم شاہراہوں پر سیلاب آگیا ، 2 روزہ تعطیل کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)تھائی لینڈ کی کابینہ نے شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث بنکاک اور اس کے گردونواح کے تین صوبوں میں سرکاری ملازمین کے لیے 28 اور 29 ستمبر کو خصوصی تعطیلات کا اعلان کردیا۔
حکومت کے مطابق خصوصی تعطیلات کا مقصد شہریوں کی آمدورفت کم کرنا اور بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی ٹریفک اور سفری مشکلات کو کم کرنا ہے،تاہم اہم سرکاری امور جو ان تعطیلات کے دوران طے شدہ ہیں، متعلقہ اداروں کے سربراہان کی صوابدید کے مطابق جاری رکھے جاسکتے ہیں۔
تعطیلات کے اعلان سے تھائی لینڈ کی آئینی عدالت میں پیر کو ہونے والی ایک اہم مقدمے کی سماعت اور فیصلے کے اعلان کے متاثر ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا تھا۔
???? تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک کے تمام 50 اضلاع کو آفت زدہ علاقے قرار دے دیا گیا ہے، کیونکہ شدید بارشوں کے باعث بڑے پیمانے پر سیلاب آیا اور معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔ pic.twitter.com/OvUUUL7zEs
— Sada-e-Haq79 (@Sada_e_Haq79) September 27, 2026
یہ مقدمہ فروری میں ہونے والے انتخابات میں استعمال کیے گئے بیلٹ پیپرز سے متعلق ہے اور اس کے ممکنہ فیصلے سے انتخابی نتائج پر سوال اٹھ سکتے ہیں،تاہم آئینی عدالت نے واضح کیا ہے کہ فیصلے کا اعلان پیر کو طے شدہ پروگرام کے مطابق ہی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:ٹیکس دہندہ کے حق میں بڑا فیصلہ!لاہور ہائیکورٹ کا حکم جاری
بنکاک میں شدید بارشوں کے باعث صورتحال اس قدر خراب ہوگئی کہ میٹروپولیٹن انتظامیہ نے ہفتے کے روز دارالحکومت کو آفت زدہ علاقہ قرار دے دیا تھا۔
حکام کے مطابق 48 گھنٹوں کے دوران تقریباً 300 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں شہر کی اہم شاہراہوں پر سیلاب آگیا اور متعدد گاڑیاں جزوی طور پر پانی میں ڈوب گئیں۔
اتوار کو بارش میں کمی آنے کے بعد کئی علاقوں میں سیلابی پانی اترنے لگا، تاہم بعض رہائشی اب بھی اپنے گھروں میں محصور رہے۔