لاہور ہائیکورٹ کا ٹیکس دہندہ کے حق میں اہم فیصلہ، رجسٹریشن سے قبل شوکاز نوٹس غیر قانونی قرار

Sep 28, 2026 | 09:43:AM
لاہور ہائیکورٹ کا ٹیکس دہندہ کے حق میں اہم فیصلہ، رجسٹریشن سے قبل شوکاز نوٹس غیر قانونی قرار
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک اشرف)لاہور ہائیکورٹ نے ٹیکس دہندہ کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے رجسٹریشن سے قبل جاری کیے گئے شوکاز نوٹس کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔

دو رکنی بنچ نے کمشنر ان لینڈ ریونیو زون کی جانب سے دائر 8 سال پرانے سیلز ٹیکس ریفرنس کو خارج کرتے ہوئے ٹیکس ٹربیونل کا ٹیکس دہندہ کے حق میں فیصلہ برقرار رکھا۔

جسٹس محمد اجمل خان زاہد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے 9 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ رجسٹریشن کے بعد کی گئی کارروائی پہلے سے شروع کی گئی غیر قانونی کارروائی کو قانونی حیثیت نہیں دے سکتی۔

فیصلے کے مطابق سیلز ٹیکس رجسٹریشن 27 ستمبر 2016 کو ہوئی جبکہ محکمہ نے اس سے قبل 23 ستمبر 2016 کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔

عدالت نے قرار دیا کہ ٹیکس ٹربیونل کی جانب سے طے کیے گئے بنیادی قانونی نکتے کو محکمہ نے چیلنج نہیں کیا، اس لیے غیر چیلنج شدہ قانونی نکتے کو ریفرنس کے ذریعے بالواسطہ طور پر دوبارہ نہیں کھولا جاسکتا۔

یہ بھی پڑھیں:ایران نے آبنائے ہرمز پر امریکی کنٹرول کا دعویٰ مسترد کردیا

فیصلے میں کہا گیا کہ غیر قانونی بنیاد پر شروع ہونے والی کارروائی محض بعد کی کارروائی کے ذریعے برقرار نہیں رہ سکتی۔

لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ محکمہ ان لینڈ ریونیو ٹربیونل کے فیصلے میں کوئی قانونی غلطی ثابت کرنے میں ناکام رہا، لہٰذا ٹربیونل کا 19 دسمبر 2017 کا فیصلہ برقرار رکھا جاتا ہے۔

عدالت نے بینک کریڈٹ، اے او پی اور ٹیکس فراڈ سے متعلق محکمہ کے دیگر سوالات پر فیصلہ دینا غیر ضروری قرار دیا، کیونکہ بنیادی قانونی نکتے کے باعث یہ سوالات مقدمے کے حتمی نتیجے پر اثرانداز نہیں ہوتے۔

عدالت کے مطابق ریفرنس میں ایسے سوال کا فیصلہ نہیں کیا جاتا جس کے نتیجے سے مقدمے کے حتمی فیصلے میں کوئی تبدیلی نہ آئے۔