امریکا میں فائرنگ، تاجکستان میں ڈرون حملے کی ذمہ دار افغان حکومت ہے: پاکستان

Nov 28, 2025 | 15:05:PM
امریکا میں فائرنگ، تاجکستان میں ڈرون حملے کی ذمہ دار افغان حکومت ہے: پاکستان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا میں فائرنگ کا واقعہ دہشت گردی کی عالمی سطح پر واپسی کو ظاہر کرتا ہے، تاجکستان میں تین چینی باشندوں کی ہلاکت کی ذمہ داری افغانستان پر عائد ہوتی ہے۔

بدھ کو وائٹ ہاؤس کے چند کوس کے فاصلے پر فائرنگ کے واقعے میں نیشنل گارڈ کے 2 اہلکار شدید زخمی ہوگئے تھے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس واقعے کو دہشت گردی قرار دیا تھا بعد ازاں ٹرمپ نے اعلان کیا کہ ان میں سے ایک خاتون اہلکار ہلاک ہو گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے  کہا کہ  پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں پیش آنے والے اس فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتا ہے، جس میں مبینہ طور پر ایک افغان شہری ملوث تھا، ہم مرحوم اہلکار کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں‘۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ واقعہ یقیناً دہشت گردی کا عمل اور امریکی سرزمین پر ایک سنگین حملہ ہے، گزشتہ دو دہائیوں سے پاکستان نے ایسے کئی دہشت گردانہ واقعات سہے ہیں، جن کے واضح روابط افغانستان سے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ بین الاقوامی دہشت گردی کے چیلنجز کو اجاگر کرتا ہے اور اس کے خلاف عالمی سطح پر تعاون کی ضرورت کو واضح کرتا ہے۔

یہ بھی پرھیں:سری لنکا میں سیلاب سے تباہی،56افراد ہلاک،سینکڑوں گھر متاثر، دفاتر اور سکولز بند

ترجمان نے  کہا  کہ  یہ واقعہ عالمی سطح پر دہشت گردی کے دوبارہ ابھرنے کی تشویشناک علامت ہے، بین الاقوامی برادری کو اس پر توجہ دینی چاہیے اور مشترکہ کوششوں کو دوبارہ تقویت دینی چاہیے‘۔

پاکستان دہشت گردی کے مشترکہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے امریکا اور عالمی برادری کے ساتھ کام کرنے کا عزم رکھتا ہے۔

انہوں نےتاجکستان میں ڈرون حملے میں تین چینی باشندوں کی ہلاکت پر چینی عوام اور حکومت کے ساتھ اظہار افسوس کیا اور زور دیا کہ افغانستان اپنی سرزمین سے دہشت گردی روکے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے سندھ سے متعلق بھارتی وزیر دفاع کے بیان کی مذمت کی اور کہا کہ راج ناتھ کا بیان سرحدوں کے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، بھارتی بیانات خام خیال پر مبنی ہیں، پاکستان مسائل کے پر امن حل کا حامی ہے، پاکستان دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔