ارتھ آور منانے کا مقصد ماحولیاتی پائیداری کے عزم کا اعادہ ہے:سپیکر قومی اسمبلی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ارتھ آور منانے کا مقصد ماحولیاتی پائیداری کے عزم کا اعادہ ہے،پارلیمنٹ ہاؤس میں توانائی کے تحفظ کے اقدامات سختی سے نافذ ہیں، ارتھ آور محض ایک گھنٹے کی علامت نہیں بلکہ زمین کے تحفظ کے لیے اجتماعی عزم کا اعادہ ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ارتھ آور 2026 کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی پارلیمنٹ ہاؤس کی غیر ضروری بتیاں ایک گھنٹے کے لیے بند کی جا رہی ہیں، چھوٹے انفرادی اقدامات اجتماعی سطح پر بڑے اور پائیدار اثرات پیدا کرتے ہیں۔
ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے باعث مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے،ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع پالیسی سازی اور مؤثر عملدرآمد ناگزیر ہے، بروقت اقدامات سے آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ اور مستحکم مستقبل کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ فضائی آلودگی میں کمی اور مضر گیسوں کے اخراج کو کم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،قدرتی وسائل کا پائیدار استعمال اور ماحول دوست رویوں کا فروغ ناگزیر ہے،ماحولیاتی تحفظ معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ ذمہ داری ہے،روزمرہ زندگی میں ماحول دوست طرزِ عمل اپنانا ہوگا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ماحول کے تحفظ سے ایک سبز، صاف اور خوشحال پاکستان کا خواب حقیقت بن سکتا ہے،قوم ارتھ آور کو صرف علامتی نہ سمجھے بلکہ مستقل ذمہ داری کے طور پر اپنایا جائے،اسپیکر قومی اسمبلی نے اس سلسلے میں ڈبلیو ڈبلیو ایف کی ماحولیاتی آگاہی مہم کو بھی سراہا۔
یہ بھی پڑھیں :پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن کے صدر کے والد انتقال کر گئے