میانمار: زلزلے کے زور دار جھٹکے، شدت 7.7 ریکارڈ

Mar 28, 2025 | 12:15:PM
میانمار: زلزلے کے زور دار جھٹکے، شدت 7.7 ریکارڈ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)زلزلے قدرتی آفت ہیں جن کے باعث دنیا بھر میں لاکھوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ،آج میانمار میں شدید زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ، زلزلے کے جھٹکے تھائی لینڈ اور چین تک محسوس کئے گئے۔

میانمار کے وسطی حصے میں مقامی وقت کے مطابق 12:50 بجے 7.7 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کے بعد 6.8 شدت کا آفٹرشاک بھی آیا،امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز سگائنگ شہر سے 16 کلومیٹر شمال مغرب میں اور 10 کلومیٹر کی گہرائی پر تھا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے شمالی تھائی لینڈ تک محسوس کئے گئے، جہاں دارالحکومت بنکاک میں عمارتیں گر گئیں جس کے ملبے تلے 43 افراد دب گئے۔

بنکاک میں سڑکوں پر دراڑیں پڑ گئیں جس کے بعد میٹرو اور ریل کی سروسز معطل کر دی گئیں جبکہ چین کے صوبے یونان میں بھی زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔ چین کے ارضیاتی مرکز نے یونان میں زلزلے کی شدت 7.9 بتائی ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں بنکاک اور دیگر شہروں میں عمارتیں ہلتی ہوئی دکھائی دیں جبکہ لوگ گھبرا کر سڑکوں پر بھاگنے لگے۔

  زلزلے کیوں آتے ہیں۔۔۔؟

  ماہرین کے مطابق زمین کی تہہ تین بڑی پلیٹوں سے بنی ہے، پہلی تہہ کا نام یوریشین، دوسری بھارتی اور تیسری عریبین ہے۔ زیر زمین حرارت جمع ہوتی ہے تو یہ پلیٹس سرکتی ہیں۔ زمین ہلتی ہے اور یہی کیفیت زلزلہ کہلاتی ہے، زلزلے کی لہریں دائرے کی شکل میں چاروں جانب یلغار کرتی ہیں۔

    زلزلوں کا آنا یا آتش فشاں کا پھٹنا۔۔۔

  زلزلوں کا آنا یا آتش فشاں کا پھٹنا، ان علاقوں میں زیادہ ہے جو ان پلیٹوں کے سنگم پر واقع ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں ایک مرتبہ بڑا زلزلہ آ جائے تو وہاں دوبارہ بھی بڑا زلزلہ آ سکتا ہے۔ پاکستان کا دو تہائی علاقہ فالٹ لائنز پر ہے جس کے باعث ان علاقوں میں کسی بھی وقت زلزلہ آسکتا ہے۔

   ’’زلزلے کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا پانچواں حساس ترین ملک ‘‘

    کراچی سے اسلام آباد، کوئٹہ سے پشاور، مکران سے ایبٹ آباد اور گلگت سے چترال تک تمام شہر زلزلوں کی زد میں ہیں، جن میں کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقے حساس ترین شمار ہوتے ہیں۔ زلزلے کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا پانچواں حساس ترین ملک ہے۔

    پاکستان انڈین پلیٹ کی شمالی سرحد پر واقع ہے جہاں یہ یوریشین پلیٹ سے ملتی ہے، یوریشین پلیٹ کے دھنسنے اور انڈین پلیٹ کے آگے بڑھنے کا عمل لاکھوں سال سے جاری ہے۔ پاکستان کے دو تہائی رقبے کے نیچے سے گزرنے والی تمام فالٹ لائنز متحرک ہیں جہاں کم یا درمیانے درجہ کا زلزلہ وقفے وقفے سے آتا رہتا ہے۔