معروف ائیر لائن کا بڑا فیصلہ، اب والدین بچوں کے ساتھ مفت بیٹھ سکیں گے
Stay tuned with 24 News HD Android App
( ویب ڈیسک ) یورپ کی سب سے بڑی کم لاگت ایئرلائن رائن ایئر (Ryanair) نے اپنے سفری قواعد میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب والدین اپنے کم عمر بچوں کے ساتھ بغیر اضافی فیس کے ایک ساتھ بیٹھ سکیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نئی پالیسی کا اطلاق جمعرات سے ہوگا، اس سے قبل 2 سے 11 سال عمر کے بچوں کے ساتھ سفر کرنے والے والدین کو بچوں کے ساتھ نشستیں یقینی بنانے کے لیے فیملی سیٹ کے نام پر اضافی فیس ادا کرنا پڑتی تھی۔
یہ فیصلہ برطانیہ کے کمپیٹیشن اینڈ مارکیٹس اتھارٹی (CMA) کی جانب سے دو ہفتے قبل شروع کی گئی تحقیقات کے بعد سامنے آیا ہے۔ ریگولیٹر کا مؤقف تھا کہ والدین سے بچوں کے ساتھ بیٹھنے کے لیے اضافی رقم وصول کرنا ممکنہ طور پر صارفین کے حقوق اور فضائی سفر کے قواعد سے مطابقت نہیں رکھتا۔
یہ بھی پڑھیں:نیشنل گرڈ فیل! پورا ملک اندھیرے میں ڈوب گیا
رائن ایئر کے مطابق اب وہ مسافر جو اضافی رقم ادا نہیں کریں گے، انہیں چیک اِن مکمل ہونے کے بعد والدین اور بچوں کو مفت ایک ساتھ نشستیں الاٹ کی جائیں گی، اگرچہ ان نشستوں کا امکان طیارے کے پچھلے حصے میں زیادہ ہوگا۔ تاہم مسافر بدستور اضافی فیس دے کر اپنی پسند کی نشستیں پہلے سے محفوظ کرا سکیں گے۔
ایئرلائن کے چیف ایگزیکٹو مائیکل اولیری نے کہا کہ کمپنی نے یہ تبدیلی "بے دلی سے" قبول کی ہے، تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ سابقہ پالیسی بھی تمام متعلقہ قوانین اور ضوابط کے مطابق تھی۔
دوسری جانب برطانوی ریگولیٹر نے کہا ہے کہ وہ نئی پالیسی کا جائزہ لے گا، جبکہ سابقہ پالیسی کے خلاف تحقیقات بدستور جاری رہیں گی۔